تحریک منہاج القرآن گھوٹکی کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ (ص)

تحریک منہاج القرآن گھوٹکی کے تحت جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے سلسلے میں خصوصی محفل کا انعقاد کیا گیا جو کہ 12 ربیع الاول 16 فروری بروز بدھ کو منعقد ہوئی۔ جس میں سینکڑوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ مہمانان گرامی میں سجادہ نشیں لوء صاحباں صاحبزادہ سید امام دیں شاہ صاحب، امیر اہل تشیع گھوٹکی پہلوان علی سنگھڑ صاحب، سید ضمیر شاہ صاحب اور مدرسہ فریدیہ چشتیہ جامع مسجد نور کے مہتمم مفتی عبدالکریم سعیدی صاحب شامل تھے۔

نقابت کے فرائض راشد شہزاد نے انجام دیئے اور پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری عبدالحمید نے حاصل کی، اس کے بعد منہاج نعت کونسل لودھراں کے معروف نعت خواں عبدالقیوم غوری، نعمان محمود مصطفوی اور قاری اللہ دتہ صاحب نے بارگاہ رسالت مآب  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  میں نعتوں کے گلدستے پیش کیے جس پر شرکاء مجلس نے جھوم جھوم کر داد دی۔

علامہ محمد اعجاز ملک صاحب نے "حیات النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم" کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا اور میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پروگرام میں تحریک منہاج القرآن گھوٹکی کی طرف سے مہمان نعت خوانوں کو سندھ کے ثقافتی تحفے اجرک اور سندھی ٹوپی گھوٹکی میں سادات کی معروف شخصیت سید ضمیر شاہ صاحب کے ہاتھوں سے پیش کیے گئے۔ پروگرام کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعےشرکاء محفل میں 5 عدد عرفان القرآن کا تحفہ پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد اعجاز ملک صاحب نے خصوصی دعا فرمائی۔

پروگرام سے قبل شہر بھر کی تمام دینی، سیاسی اور سماجی شخصیات کو تحریک منہاج القرآن گھوٹکی کے قائدین نے وفد کی صورت میں جا کر پروگرام میں شرکت کی دعوت دی جس میں تحریک منہاج القرآن گھوٹکی کے صدر محترم ندیم احمد کھوکھر، نائب صدر محمد سچل سومرو، عبدالخالق وسیر اور ناظم ویلفیئر حاجی عبدالرزاق شامل تھے۔ پروگرام سے دو روز قبل شہر بھر میں رکشہ پر ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے تشہیر بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top