منہاج القرآن ڈسکہ کے زیراہتمام میلاد جلوس

تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کے زیراہتمام عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خصوصی مشعل بردار جلوس 13 فروری 2011ء کو نکالا گیا۔ جلوس نماز مغرب کے بعد مسجد شہیداں سے میلاد چوک تک نکالا گیا۔ جس میں شہر بھر سے شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھیں۔

شرکاء نے ہاتھوں میں اسم محمد والی جھنڈیاں، بینر اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ بینرز پر عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے مختلف نعرے لکھے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ شرکاء نے ہاتھوں میں گنبد خضری اور خانہ کعبہ کی بڑی بڑی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔

جلوس شہر کے مختلف راستوں سے گزرا، جہاں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکاء جلوس کا پروقار استقبال کیا اور اس میں شامل ہوتے گئے۔ شرکاء پر مختلف مقامات پر درود و سلام کے ساتھ گلاب کے پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔

جلوس میں موٹر سائیکل سوار شرکاء کے علاوہ گاڑیوں پر سوار شرکاء بھی شامل تھے۔ جنہوں نے اپنی گاڑیوں کو جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن کے حوالے سے خوبصورت لائٹنگ کے ساتھ سجا رکھا تھا۔

میلاد کے جلوس کی مرکزی گاڑی پر نعت شریف کے اشعار پیش کیے جا رہے تھے۔ یوں شہر بھر کی فضاء درود و سلام سے گونجتی رہی۔ اس کے علاوہ شرکاء کو پروجیکٹر کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب بھی سنایا گیا۔

مشعل بردار جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا سمبڑیال روڈ مرکزی سیل سنٹر پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے اختتام پر کبوتر آزاد کئے گئے اور آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی ہوا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر فضاء میں خوبصورت غبارے بھی چھوڑے گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر محمد اسلم قادری نے کہا کہ قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات عالم اسلام کیلئے قابل تحسین ہیں اور اسلام کی اشاعت کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی اسلام کے لئے وقف کر دی ہے۔ پروگرام کے آخر میں افضال احمد قادری کے علاوہ حاجی محمد سلیم، عبدالستار انجم اور عبدالرحمان بھٹی نے خصوصی دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top