منہاج القرآن انٹرنیشنل اوڈنسے ڈنمارک کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کانفرنس کا انعقاد
ہر سال کی طرح اس بار بھی ماہ ربیع الاول اہل ایمان کے لئے خوشی و شادمانی کا سامان لئے رواں دواں ہے۔ دنیا بھر میں منہاج القرآن کی تنظیمات پوری محنت اور جانفشانی سے محافل میلاد کا انعقاد کرتی ہے۔ منہاج القرآن اوڈنسے نے بھی ہمیشہ کی طرح اس سال بھی استقبال ربیع الاول کانفرنس کا شاندار انتظام کیا۔ منہاج القرآن انگلینڈ کے امیر علامہ محمد صادق قریشی منہاج القرآن ڈنمارک کی خصوصی دعوت پر تین روزہ دورہ پر ڈنمارک تشریف لائے۔ علامہ محمد نفیس قادری کی قیادت میں وفد نے کوپن ہیگن ایئر پورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ علامہ محمد طارق منہاجن نے علامہ محمد صادق قریشی کی میزبانی کا شرف حاصل کیا۔
مورخہ 05 فروری 2011 ء بروز ہفتہ کو اوڈنسے ہال میں میلاد النبی کانفرنس منعقد ہوئی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے بھائیوں اور ویمن لیگ کی بہنوں نے محمد جمشید خان کی سربراہی میں ہال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد ندیم یونس نے قرآن حکیم کی آیات بینات کی تلاوت سے کیا۔ حافظ محمد عمر نورانی، اختر حسین چیمہ، راجہ محمد اکبر اور قاری علامہ ظہیر احمد نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ پاکستان سے تشریف لائی فاضلہ سمیرا کاشف نے اپنے خطاب میں کہا کہ میلاد کا پیغام یہ ہے کہ صاحب میلاد کی سیرت کو اپنایا جائے اور اپنے روز مرہ معمولات میں آپ کی سنتوں پر عمل پیرا ہوا جائے۔
علامہ محمد صادق قریشی نے اپنے خطاب کے آغاز میں انتظامیہ کو عظیم الشان میلاد کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بچوں اور نوجوانوں سے کس طرح شفقت فرماتے تھے اور آج کے دور میں اس کی کس قدر ضرورت ہے۔ اس بار ے میں آپ نے انتہائی مدلل اور جامع گفتگو فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے غیر مسلم معاشروں میں رہتے ہوئے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ بچوں کے حقوق ادا کریں اور اسلامی طرز پر ان کی تربیت کا پورا اہتمام کریں۔
کانفرنس میں عامر حسین بٹ نے مسلم یوتھ لیگ اور مریم شاہین مغل نے ویمن یوتھ لیگ کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر ادارہ سے فارغ التحصیل طلباء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ صدر ادارہ حاجی محمد فاروق نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں ضیافت میلاد سے مہمانوں کی مہمان نوازی کی گئی۔
رپورٹ : محمد ندیم یونس
تبصرہ