منہاج القرآن انٹرنیشنل (تھیوا) یونان کے زیراہتمام محفل میلاد کا اہتمام

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذیلی مرکز (تھیوا) یونان کے زیراہتمام مورخہ 26 فروری 2011ء بروز بدھ کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا۔ منہاج القرآن یونان کے صدر جاوید اقبال اعوان نے محفل میں خصوصی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ نعت خوانوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے امیر علامہ شہباز احمد صدیقی نے ولادت باسعادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دونوں جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ولادت سے پہلے بھی رحمت تھے اور ولادت کے بعد بھی رحمت ہیں۔ علامہ شہباز احمد صدیقی نے لوگوں کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق زندگی بسر کرنے کی تلقین کی۔

محفل میلاد کے اختتام پر پندرہ عرفان القرآن، تین موبائل اور دو عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے، ایک عمرہ کا ٹکٹ اہلیان تھیوا اور دوسرا حافظ میاں خان نے اپنے والد محترم کے ایصال ثواب کے لئے دیا۔ عمرہ کی ٹکٹ حاصل کرنے والے خوش نصیب محمد خضر اور قیصر محمود تھے۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی اور حاضرین کو ضیافت میلاد کا لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: نوید سحر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top