منہاج ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد کانفرنس کی تقاریب
منہاج ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام ربیع الاول کے مہینہ میں مختلف علاقوں میں محافل میلاد کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ منہاج ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے مورخہ 20 فروری 2011ء کو درامن، مورخہ 26 فروری 2011ء کو اوسلو کے علاقہ Stovner اور مورخہ 06 مارچ 2011 کو Holmalia میں محافل میلاد منعقد کی گئیں۔
منہاج ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام منعقد ہونے والی ان محافل میں سینکڑوں خواتین شریک ہوئیں۔ عائشہ نور نے انتہائی خوبصورت انداز میں قرآن پاک کی آیات کی تلاوت سے ان محافل میں نورانی کیفیت پیدا کی۔ سمن، مہک، آمنہ، فاطمہ، شمسہ، عائشہ نور، نادیہ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کے گجرے پیش کئے جبکہ منہاج سسٹر لیگ کی بہنوں نے قصیدہ بردہ شریف اور دف کے ساتھ درود پاک پیش کیا۔ منہاج ویمن لیگ اوسلو کی ناظمہ دعوت صفیہ اشفاق نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و ادب، دست اقدس کی برکات اور شمائل و فضائل مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوعات پر خصوصی خطاب کئے۔
منہاج ویمن لیگ ناروے کے پلیٹ فارم سے منعقد ہونے والی ان تقاریب کو ناروے میں مقیم مسلم کمیونٹی نے بہت سراہا۔ ان تمام محافل کو انتہائی منظم انداز میں آرگنائز کرنے میں باجی زمرد نے مقامی خواتین کے ساتھ مل کر بہت محنت کی۔ محافل کے اختتام پر جملہ شرکاء خواتین کی ضیافت میلاد سے بھر پور تواضع کی گئی۔
رپورٹ:عقیل قادر
تبصرہ