صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا جامع مسجد کولون ہانگ کانگ میں محفل میلاد سے خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام مورخہ 06 مارچ بروز اتوار بعد نماز عشاء جامع مسجد کولون کے کمیونٹی ہال میں ایک عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی۔ محفل کی صدارت بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین سعید الدین نے کی جبکہ مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری تھے۔ محفل میلاد میں صدر پاکستان ایسوسی ایشن کیپٹن شہزادہ سلیم احمد، نیاز محمد خان، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ محمد سکندر باچہ، اور چیف امام کولون مسجد مفتی محمد ارشد نے خصوصی شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز قاری صابر حسین صابری نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ قاری ارشد نعمانی نے انتہائی خوبصورت انداز، اور عشق ومستی میں ڈوبی پر کیف آواز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت رسول مقبول پیش کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے فلسفہ فناء و بقاء کو بیان کیا۔ آپ نے فرمایا کہ دنیا میں ہر چیز کو فنا ہے جبکہ اللہ کی ذات و صفات کو بقا حاصل ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی صفات کو صفات الٰہیہ میں اور اپنی ذات کو ذات الٰہیہ میں فنا کر دیا تو اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات و صفات کو بقاء عطا فرما دی۔
تقریب میں علامہ محمد رمضان سیالوی، علامہ قاری عبدالرحمن چشتی، علامہ قدرت اللہ سلطانی کے علاوہ کثیر تعداد میں علمائے کرام اور مخلتف شعبوں سے تعلق رکھنے والے احباب نے شرکت کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض مفتی محمد ارشد نے سرانجام دیئے جبکہ محفل کی میزبانی بورڈ آف ٹرسٹیز نے کی۔ محفل کی اختتامی دعا علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے کی۔ اور اختتام پر شرکائے محفل کی پرتکلف لنگر سے تواضع کی گئی۔
رپورٹ: حافظ محمد نسیم نقشبندی
تبصرہ