منہاج القرآن انٹرنیشنل (نیکیا) یونان کے زیراہتمام عشق مصطفیٰ (ص) کانفرنس کا انعقاد

مورخہ: 12 مارچ 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل (نیکیا) یونان کے زیراہتمام مورخہ 12 مارچ 2011ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء عظیم الشان سالانہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان جاوید اقبال اعوان نے کی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں صدر مجلس شوریٰ الحاج محمد شفیق اعوان، ناظم یونان عبدالجبار سلہری، پاکستان عوامی تحریک یونان کے چیئرمین چودھری غلام نبی بھٹی شامل تھے۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ڈائریکٹر منہاج القرآن نیکیا صوفی عبید اللہ چشتی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ ناصر اکبر، ادیب عباس، دانش بشیر، حاجی محمد یوسف، مظہر اقبال، محمد عمران، محمد افضال ماراتھونا اور غلام قادر چودھری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانفرنس کی نقابت کے فرائض ناظم نشرو اشاعت نوید سحر نے سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل نیکیا یونان کے ڈائریکٹر صوفی عبید اللہ چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اعمال میں کسی کوتاہی سے کمی رہ گئی تو اللہ رب العزت اپنے محبوب کی شفاعت پر معاف فرما دے گا لیکن اگر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں بے ادبی ہوگئی تو تمام اعمال ختم کر دیئے جائیں گے۔ اس  لئے اپنی زندگی کا ایک ایک سانس ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اندر رہ کر گذاریں اور ہر عمل عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے لبریز ہو کر کریں اور یہی دعوت عشق رسول ہے جس کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری قریہ قریہ اور شہر شہر جاکر مسلمانون کے سینوں میں روشن کر رہے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے امیر علامہ شہباز احمد صدیقی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عظیم مثال ہیں، ایک دن صحن کعبہ میں قریش مکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حملہ آور ہوئے تو سیدنا ابوبکر صدیق ان کے سامنے ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوگئے، اب کیا تھا کوئی ابوبکر صدیق پر ڈنڈے برسا رہا تھا تو کوئی گھونسے، اتنی مار پڑی کہ بے ہو ش ہوگئے۔ کسی نے جاکر ان کے گھر اطلاع کی کہ ابوبکر صحن کعبہ میں زخمی حالت میں بے ہوش پڑے ہیں۔ گھر والے اٹھا کر لائے، ہوش دلایا، آنکھیں کھولتے ہی ابوبکر نے اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں پوچھا کہ ان کا کیا حال ہے؟ خاندان والے ناراض ہو کر چلے گئے صرف والدہ پاس رہ گئیں۔ والدہ نے بڑی کوشش کی کہ بیٹا کچھ کھا پی لے مگر اس عاشق صادق نے انکار کر دیا کہ جب تک مجھے میرے آقا کا حال معلوم نہیں ہوتا وہ کچھ نہیں کھائیں پیئں گے۔ والدہ نے کہا مجھے کیا خبر وہ کہاں ہوں گے؟ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ اماں جان ام جمیل رضی اللہ تعالی عنہ کے گھر چلی جائیں اور ان سے دریافت کریں۔ آپ کی والدہ نے جب ام جمیل سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ آپ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بخیر وعافیت ہیں۔ منہاج القرآن اسی عشق ومحبت کے پیغام کو پوری دنیا میں عام کر رہی ہے ۔

عظیم الشان محفل پاک کے انعقاد پر صدر منہاج القرآن نیکیا غلام قادر چودھری، ناظم ملک ظفر اقبال اعوان، ڈائریکٹر علامہ عبید اللہ چشتی اور ان کی پوری ٹیم نے انتہائی محنت سے اس محفل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ وینس ٹی وی اور میڈیا نے خصوصی کوریج کا اہتمام کیا۔ پروگرام کے اختتام پر درود وسلام پڑھا گیا اور اجتماعی دعا کے بعد حاضرین کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ:نوید سحر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top