منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیر اہتمام محفل ذکر ونعت

مورخہ: 06 مارچ 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیراہتمام مورخہ 06 مارچ 2011ء بروز اتوار کو Thhay-cot سٹی میں محفل ذکر ونعت منعقد ہوئی جس کی صدارت منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے کی جبکہ مہمان خصوصی پاکستان سے تشریف لائے منہاج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل علامہ غلام ربانی تیمور تھے۔

محفل کا باقاعدہ آغاز سیؤل سے آئے مہمان حافظ محمد بشیر اور حافظ محمد انور نے تلاوت کلام مجید سے کیا۔ مردان علی قادری، ابوبکر، محمد زبیر اور صائم علی نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل کی نقابت کے فرائض پاکستان سے آئے مہمان حافظ محمد نعمان صدیقی نے ادا کئے۔ منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خوشی منانے والا کوئی بھی شخص اجر سے محروم نہیں رہتا۔

فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور علامہ غلام ربانی تیمور نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حدیث مبارکہ سے ثابت ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہھم اجمعین سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وضو کے پانی کا ایک قطرہ زمین پر نہیں گرنے دیتے تھے اور اسے اپنے جسموں پر مل لیتے تھے یہ ان کا اپنے محبوب سے تعلق عشق ومحبت تھا اور اسی تعلق کی بنا پر وہ پوری دنیا میں فاتح ہوئے آج دین اسلام اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکات پر مذموم گفتگو کی جاتی ہے اور ہماری غیرت ایمانی جوش میں نہیں آتی جس کی وجہ سے پوری دنیا میں امت مسلمہ اپنا مقام کھو رہی ہے اور اسلام دشمن طاقتیں ہم پر حکمرانی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ امت مسلمہ کو اس کی سابقہ قدرو منزلت ملے تو پھر ہمیں اغیار کے در کو چھوڑ کر اپنی محبت وطلب کا محور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پاک کو بنانا ہوگا۔

علامہ غلام ربانی تیمور کی علمی، فکری اور تربیتی گفتگو کو سامعین نے بڑے غور سے سنا جس سے ایک رقت آمیز ماحول پیدا ہو گیا۔ تقریب کے اختتام پر اجتماعی طور پر درود و سلام پڑھا گیا، خصوصی دعا کے بعد مہمانوں کی پرتکلف لنگر سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ:غضنفر علی قادری

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top