منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی طرف سے سونامی متاثرین کے لئے امداد

مورخہ: 25 مارچ 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل باندو سٹی اباراکی کین جاپان کی جانب سے حالیہ سونامی متاثرین کے لئے مورخہ 25 مارچ 2011ء بروز جمعۃ المبارک کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے امدادی مہم لانچ کی گئی۔ امدادی مہم کا اہتمام مقامی مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران کیا گیا۔

جمعۃ المبارک کے اجتماع میں لوگوں نے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مہم کے نتیجہ میں جمع ہونے والی رقم منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر محمد سلیم خان، اباراکی جاپان کے صدر محمد صالح افغانی اور پاکستان سے تشریف لائے سکالر علامہ محمد شکیل ثانی نے باندو شہر کے میئر باشی بارا ایچی اور نائب میئر کامیابا سوکو کے حوالے کی جنہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی قیادت، جاپان کی انتظامیہ اور پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی رقم وصول کرنے کے بعد باندو شہر کے میئر منہاج القرآن اور پاکستانی کمیونٹی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانیوں کی طرف سے یہ امدادی رقم جاپانی عوام کے دکھوں کا مداوا ثابت ہو گی۔ منہاج القرآن کی جانب سے یہ قابل تحسین قدم ہے جو انسانیت سے محبت کی مثال ہے۔ جاپانی عوام مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی شکرگذار ہے۔

رپورٹ: انعام الحق

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top