کالج آف شریعہ میں ہفتہ تقریبات کے آخری دن اردو مباحثہ اور مقابلہ مضمون نویسی

مورخہ: 26 مارچ 2011ء

علم و عرفان کی عظیم درسگاہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں بزمِ منہاج کے زیرِاہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 60 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد کی جانے والی سالانہ کل پاکستان ہفتہ تقریبات کا آخری پروگرام مورخہ 26 مارچ 2011ء بروز ہفتہ کو منعقد کیا گیا۔ ہفتہ تقریبات کے آخری روز اردو مباحثہ بعنوان : "مجھ سے پہلوں کی ہے غفلت کا نتیجہ میرے حالات" اور "انقلاب قومیں لاتی ہیں لیڈر نہیں" کے عنوان سے مقابلہ مضمون نویسی کا اہتمام کیا گیا۔

پروگرام کے مہمانِ خصوصی سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین تھے۔ پروگرام کی صدارت پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز بریگیڈئر (ر) اقبال احمد نے کی۔ جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں سید ناصر شاہ دوپاسی سجادہ نشین آستانہ عالیہ خواجہ ابراہیم دوپاسی بلوچستان، جیو ٹی وی کے معروف پروگرام جوابدہ کے اینکر افتخار احمد، معروف سماجی شخصیت صدر فوکس پاکستان ڈاکٹر اویس فاروقی، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سٹاف آفیسر سید محمود شاہ اور پاکستان ٹیلی ویژن بلوچستان کے انجینئر سید اعجاز شاہ شامل تھے۔ مرکزی قائدین میں راجہ جمیل اجمل ڈائریکٹر فارن افیئرز، جواد حامد ناظم اجتماعات، ساجد ندیم گوندل سینئر نائب صدر M.S.M، منہاج ویلفیئر فاؤ نڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ خرم شہزاد (سابق صدر بزم منہاج) اور کالج آف شریعہ کے تمام اساتذہ نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا جس کی سعادت متعلم کالج آف شریعہ حافظ خرم سجاد نے حاصل کی۔ قاری تنزیل الرحمن نے رحمۃ العالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا، جبکہ قاری سید خالد حمید کاظمی اور قیصر مسعود عباسی نے کمپیئرنگ کے فرائض سر انجام دئیے۔

پروگرام میں ڈاکٹر محمد اویس فاروقی صدر فوکس پاکستان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد جمہوریت پسند حکمران اپنے مزموم مقاصد کے تحت ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے جانوں کے نذرانے دے کر یہ ملک حاصل کیا جسے مفاد پرست ٹولے نے ہمیشہ اپنے مفاد کی بھینٹ چڑھایا۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کے سینئر نائب صدر ساجد ندیم گوندل نے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ماضی کے دریچوں میں جھانک کر امت مسلمہ کے بہتر مستقبل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ہمہ وقت اپنے عظیم قائد کی تعلیمات کے فروغ میں کوشاں ہے۔ ان شاء اللہ مصطفوی نوجوانوں کا یہ قافلہ امت مسلمہ کی تقدیر بدلنے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا۔

پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز بریگیڈئر (ر)اقبال احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے ہفتہ تقریبات کے کامیاب اور تاریخ ساز انعقاد پر بزم منہاج کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ بزم منہاج کی ٹیم نے ہماری سوچ اور توقعات سے بڑھ کر تاریخی اور شاندار پروگرامز کا انعقاد کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے صدر بزم منہاج سید حامد علی بخاری اور ان کی پوری کیبنٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور میجر (ر) سید علی حسین رضوی وائس پرنسپل ایڈمن کالج آف شریعہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔

وائس پرنسپل اکیڈمک ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری نے بزم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خوشی اور اطمینان کے ساتھ مبارکباد پیش کی۔ جبکہ وائس پرنسپل ایڈمن سید علی حسین رضوی نے بزم منہاج کے تمام عہدیداران کو سینے سے لگایا اور مبارکباد پیش کی۔ تمام اساتذہ کرام نے بزم منہاج کو مبارکباد کے ساتھ بزم کی کامیابی اور ترقی کیلئے دعائیں کیں۔ پروگرام میں جیو ٹی وی کے اینکر افتخار احمد اور جواد حامد نے بھی اظہار خیال کیا۔

اردو مباحثہ میں جیوری کے فرائض پروفیسر ظفر الحق مجید چشتی گورنمنٹ دیال سنگھ کالج لاہور (چیف جیوری)، شاہد رسول ساون (وزیٹر لیکچرار ایجوکیشن یونیورسٹی) اور شاہد مختار چشتی لیکچرار KIPS کالج نے سر انجام دیئے جبکہ مقابلہ مضمون نویسی میں جیوری کے فرائض معروف محقق محمد افضل قادری (چیف جیوری)، سید حیدر علی بخاری لیکچرار فیڈرل گورنمنٹ کالج اسلام آباد، معروف نقاد سید ریحان الحسن گیلانی نے سر انجام دئیے۔

مباحثہ میں پہلی پوزیشن پنجاب یونیورسٹی لاہور کے محمد وسیم افضل، دوسری پوزیشن جامعہ اسلامیہ لاہور کے حافظ محمد زین مصطفی اور تیسری پوزیشن پنجاب لاء کالج کے عبد الباسط نے حاصل کی جبکہ G.C یونیورسٹی لاہور کے عتیق الرحمن اعزازی پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔ مقابلہ مضمون نویسی میں پہلی پوزیشن سید ارسلان شاہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، دوسری پوزیشن جامعہ اسلامیہ لاہور کے حافظ محمد زید مصطفیٰ اور تیسری پوزیشن دارالعلوم نوریہ رضویہ فیصل آباد کے محمد ظہیر عباس نے حاصل کی۔

صدر بزم منہاج سید حامد علی بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کالج، مشن اور طلبہ کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے، انہوں نے ہفتہ تقریبات کے بہترین انتظامات پر حافظ خرم سجاد، قاری سید خالد حمید کاظمی، محمد اخلاق طاہری، محمد شکیل چشتی، شبیر احمد ہزاروی، احمد عطاء الرحمن، عمران خان، شاہد عارف، محمد الطاف قادری، بلال حسن، محمدانعام مصطفوی، وقار محمود، صدام حسین، بلال عباس، زاہد محمود، سید مبشر کاظمی اور انتظامی کمیٹیوں کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے بزم منہاج کی پوری ٹیم جن میں مدثر حسین عباسی نائب صدر، قاضی فہیم جیلانی جنرل سیکرٹری، حافظ محمد ادریس جوائنٹ سیکرٹری، عثمان پریس سیکرٹری اور شاہنواز فنانس سیکرٹری کو کامیاب اور شاندار پروگرامز کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

مقابلے کے اختتام پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طالب علم محمد اخلاق طاہری صدر منہاج سپیکر فورم نے نہایت خوبصورت انداز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مختصر تعارف پیش کیا۔

آخر میں لیکچرار کالج آف شریعہ پروفیسر محمد الیاس اعظمی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت یابی، وطن عزیز کے استحکام، طلبہ کی علمی ترقی اور کردار کی پختگی کیلئے دعا کی جس کے بعد تمام مہمانان گرامی کو بزم منہاج کی طرف سے ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top