چیئرمین Reflection پراجیکٹ یوکے کا ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہمراہ سیلاب زدگان کیلئے زیرتعمیر مکانات کا وزٹ

مورخہ: 12 مارچ 2011ء

نوشہرہ (12 مارچ 2011ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت نوشہرہ، مظفرگڑھ و دیگر علاقوں میں بحالی سیلاب زدگان کے سلسلے میں بنائے جانے والے مکانات کی تعمیر جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں 200 مکانات بنائے جا رہے ہیں۔ مورخہ 12مارچ 2011ء کو نوشہرہ میں Reflection project UK کے چیئرمین عامر سلیم کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری کے ہمراہ زیر تعمیر مکانات کا وزٹ کیا، اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نوشہرہ کے صدر خواجہ اشرف، محمد ناظمین خان، ارشاد انجم و دیگر بھی موجود تھے۔

عامر سلیم اور افتخار شاہ بخاری نے ان سیلاب متاثرین سے ملاقات کی جن کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت مکانات بنا کر دیئے جا رہے ہیں۔ ان میں بیوہ اور نادار خواتین بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر جن افراد کو مکانات بنا کر دیئے جا رہے ہیں انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا کہ اس مشکل وقت میں ہمیں پہلے عارضی ٹھکانہ دیا گیا، 4 مہینے تک ہمیں خیمہ بستیوں میں کھانے، پینے کے علاوہ دیگر روزمرہ کی ضرورت اشیاء دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ساتھ ہی مکانات کی مرمت اور نئے مکانات کی تعمیر کا کام شروع کیا اور یہی وجہ ہے کہ ہمیں اب مستقل بنیادوں پر رہنے کو چھت مہیا ہوگئی ہے۔

اس موقع پر Reflection project کے چیئرمین عامر سلیم نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر نہ صرف UK میں کام کرنے والی ویلفیئر NGOs اعتماد کرتی ہیں بلکہ پوری دنیا میں اعتماد کی یہ فضا قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ Reflection project منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کئی پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔ آج سیلاب زدگان کی مستقل بحالی کے پروگرام میں جس طرح نئے مکانات بنا کر دیے جا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اورReflection project کا باہمی اشتراک آگے بھی جاری رہیگا۔

اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے عامر سلیم کی قیادت میں آنے والے وفد کو خوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا بلکہ دیار غیر میں رہ کر پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا فریضہ سر انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سمیت پوری دنیا کی درجنوں ویلفیئر این جی اوز کے باہمی اشتراک سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان اور دنیا بھر میں فلاح انسانیت کے متعدد پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔ ان شاء اللہ یہ سلسلہ آگے بھی اسی طرح جاری رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top