معصوم عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں : شیخ زاہد فیاض

حکومت بجلی کے شدید بحران کو حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے
تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی فیصل آباد سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ پاکستان بدترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جبکہ معصوم عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر لوڈشیڈنگ، پٹرول و بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافے اور اوور بلنگ نے تو پاکستانیوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد سے آئے ہوئے منہاج القرآن کے کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ موجودہ ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے حکومتوں نے آج تک ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے ہمیشہ سیاسی ضرورت کے لیے استعمال کیا ہے جو ایک المیہ ہے۔ توانائی کے حالیہ بحران کا حل نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کر کے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور ملک کی معشیت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ روزانہ طویل دورانیے کی طویل لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی ہمارے ملک میں ایک مستقل بحران کی حیثیت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس لیے اس خوفناک بحران کا خاتمہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ حکومت بجلی کے شدید بحران کو حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے حکومت کی توجہ دلائی کہ وہ بجلی کے بحران سے نپٹنے کے لئے پارلیمنٹ میں جامع رپورٹ پیش کرے جس میں بجلی کی قلت اور اسے دور کرنے کی ممکنہ تدابیر اور ان کے لئے درکار وسائل اور سرمائے جیسے بنیادی حقائق بھی شامل ہوں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی سطح پر ہونے والی اس بحث میں کالا باغ اور دیگر ڈیموں سمیت دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی جائے تاکہ عوام کو آگاہی ہو کہ اس بحران کے اسباب اور اسکا حل کیا ہے ؟ اور کب تک اس عذاب سے چھٹکارا ممکن ہو گا؟

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top