HEC کی طرف سے اراکین پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل دوبارہ شروع کرنا خوش آئند ہے : تجمل حسین
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بقا اور استحکام ملک میں میرٹ اور اعلیٰ تعلیم
کے فروغ کیلئے بہت ضروری ہے
تعلیم دشمن سیاست دان نوشتہ دیوار پڑھ لیں اب تبدیلی کا عمل کوئی نہیں روک سکتا
HEC کے کردار کو محدود یا تحلیل کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف طلبہ سیسہ پلائی دیوار
بن جائیں گے
انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور سے ملاقات کیلئے آئے طلبہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کے مرکزی صدر تجمل حسین نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملکی وقار کی علامت ہے اور اس ادارے کی بقا اور استحکام ملک میں میرٹ اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے HEC کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی وقار پر دھبہ بننے والے اراکین پارلیمنٹ کو بے نقاب کرنا ناگزیر ہے۔ HEC کی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 254 ارکان پارلیمنٹ کی میٹرک اور انٹر میڈیٹ کی اسناد طلب کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان میں ابھی ایسے ادارے موجود ہیں جو دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتے اور اپنا کام جرات اور بے باکی سے سر انجام دیتے ہیں۔
وہ گذشتہ روز انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور سے آئے طلبہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ تجمل حسین نے کہا کہ مستقبل قریب یا بعید میں اگر حکومت کی طرف سے صوبائی خود مختاری کی آڑ میں HEC کے کردار کو محدود یا تحلیل کرنے کی کوئی بھی کوشش ہوئی تو ملک بھر کے طلبہ حکومت کے اس اقدام کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا حصول ہر پاکستانی کا حق ہے اور مستقبل کی پارلیمنٹ میں جاہلوں اور تعلیم دشمنوں کیلئے کوئی جگہ نہ ہوگی۔ تعلیم دشمن سیاست دان نوشتہ دیوار پڑھ لیں اب تبدیلی کا عمل کوئی نہیں روک سکتا۔ مستقبل کی پارلیمنٹ پڑھی لکھی ہوگی اور قانون سازی اس کی پہلی ترجیح ہوگی۔
تبصرہ