MSM میرپور کے زیرِاہتمام بیداری شعور مہم کے سلسلہ میں سیمینار

بیداری شعور مہم کے سلسلے میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST) آزادکشمیر کے زیرِاہتمام ندیم میرج ہال میرپور میں عظیم الشان سیمینار بعنوان" عالمی حالات اور مسلمانوں کا مستقبل" منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تجمل حسین انقلابی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر آف اقبال اکیڈمی ایوانِ اقبال لاہور ڈاکٹر طاہر حمید تنولی تھے۔

تلاوت قرآن کریم اور ہدیہِ نعت بحضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد حافظ عمیر احمد قادری صدر MSM میرپور یونیورسٹی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا اور سیمینار میں تشریف لانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حالات سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ طلبہ اپنے علم و عمل کے ذریعے ملک و ملت کے روشن مستقبل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے اور بیداری شعور مہم میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی لاہور ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے اپنا خصوصی مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے پاکستان بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور اب پاکستان سنوارنے کیلئے بھی بھرپور کردار ادا کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اس ملک کا مستقبل ہیں۔ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز کریں اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پیغام علم، امن اور محبت کو گھر گھر پہچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔

حافظ تجمل حسین انقلابی مرکزی صدر MSM نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج ہم پھر ترقی کے زینے طے کر سکتے ہیں اور ترقی کی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں اور اس کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم دوبارہ دامن مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وابستہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے پیغام امن و محبت کو عام کرنے کیلئے طلبہ علم کے حصول پر بھرپور توجہ دیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پیغام امن و محبت اور منہاج القرآن کے عظیم مشن اور سوچ کے امین بن کر امن و سلامتی کے فروغ کی آواز بن جائیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ عہد حاضر کے اخلاقی، معاشی، سیاسی اور سائنسی چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے علم اور تحقیق کے کلچر کو عام کریں۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور باطل و ناحق فکری یلغار کے مقابل دنیا میں حقیقی اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مومنانہ فراست اور حکمت و تدبر پر مبنی فکر کو عام کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر محمود الحسن راجہ کمشنر میرپور ڈویژن نے کہا کہ قوم اپنے نوجوانوں اور بالخصوص طلبہ سے بہت امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے۔ طلبہ مایوسی کے اس ماحول میں امید کی کرن ہیں۔ طلبہ اپنی گمشدہ متاعِ علم و حکمت اور سائنس و ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں اور چراغ علم بن کر چراغوں سے چراغ جلاتے چلے جائیں تاکہ ظلمت کے اس دور سے نکل کر روشنی کی منزل تک پہنچا جا سکے۔

ناظم تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر حافظ احسان الحق نے کہا کہ آج قومی اور بین الاقوامی سطح پر حالات نے دردِ دل رکھنے والے لوگوں، نوجوانوں اور طلبہ کو مایوسی اور تذبذب کا شکار کر دیا ہے۔ ان حالات میں یقین کی شمعوں کو جلانا، جہالت کے اندھیروں کے خلاف نبرد آزما ہونا اور روشنی پھیلاتے چلے جانا بہت بڑا جہاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ MSM کے طلبہ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ اسی جہاد پر عمل پیرا ہیں۔

سیمینار میں ڈاکٹر لیاقت حسین چوہدری DIG میرپور ڈویژن، محمد ظفر اقبال طاہر، خالد محمود انجم، پروفیسر عبدالرشید صدیقی، محمد الیاس ملنگی، ملک مہربان، سردار شہزاد عزیز بیورو چیف میڈیا ایکسپر یس، خالد چوہدری جنرل سیکرٹری کشمیر پریس کلب، زوہیب احمد بیورو چیف A tv آزاد کشمیر، پروفیسر بشارت علی چودھری صدر تحریک میرپور، محمد اکرام اظہر ناظم تحریک میرپور، پروفیسر رفیع اللہ ہیرا صدر تحریک برنالہ، ممتاز نعت خواں عزیر احمد قادری ناظم دعوت برنالہ، زاہد محمود قاسم ناظم تحریک افضل پور، حافظ طاہر طیب جنرل سیکرٹری MSM آزاد کشمیر، ساجد محمود قادری صدر MSM میرپور، پروفیسر عبدالسعید خان، عبدالعمار منعم صدر MSM اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد، شمیم مرزا صدر منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور نے شرکت کی جبکہ مختلف طلبہ تنظیموں کے نمائندگان، مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور سکولز کے طلبہ نے بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

سیمینار کو کامیاب بنانے میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ MUST کے صدر حافظ عمیر احمد قادری اور ان کی پوری ٹیم نے بھر پور محنت کی، جن میں خرم آزاد، عزیز سبحانی، عدنان رضا خان، نعمان انقلابی، اسد خان، اشتیاق احمد، عثمان مصدق، ارشاد احمد، MSM میرپور کے صدر ساجد محمود قادری اور حافظ جہانگیر اختر نے دن رات محنت کر کے سیمینار کو یاد گار بنا دیا۔

نقابت کے فرائض اشتیاق مصطفوی نے نہایت خوبصورتی سے ادا کیے۔ علامہ جمیل احمد زاہد امیر تحریک بھمبر کی خصوصی دعا سے سیمینار اپنے اختتام کو پہنچا۔ شرکاء سیمینار کیلئے پُرتکلف عشائیہ کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔

رپورٹ : عزیر قریشی (سیکرٹری انفارمیشن MSM میرپور آزاد کشمیر)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top