پاکستان عوامی تحریک لیبر ونگ لاہور کے زیراہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مزدور ریلی
پاکستان عوامی تحریک لیبر ونگ لاہور کے زیراہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مزدور ریلی مورخہ یکم مئی 2011ء کو پریس کلب تا مسلم لیگ ہاؤس نکالی گئی جسمیں سینکڑوں افراد نے شرکت کر کے شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ریلی کی قیادت انوار اختر ایڈووکیٹ، لاہور کے صدر افضل گجر، لیبر ونگ کے صدر ملک یٰسین اور لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کی۔ جبکہ اس موقع پر نائب صدر لاہور میاں افتخار احمد، صدر عوامی تاجر اتحاد الطاف رندھاوا، صدر کسان ونگ لاہور ثاقب بھٹی، صدر داد رسی سیل لاہور زاہد سرا اور ناظم لاہور حفیظ اللہ جاوید اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ محنت کش کو اللہ نے اپنا دوست قرار دے کر جو عزت عطا کر دی ہے وہ پوری انسانیت کیلئے قابل فخر ہے۔ اسلام نے مزدور کو مزدوری اسکا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرنے کی تاکید کر کے اسکے حقوق کو مکمل تحفظ ادا کردیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ 15ہزار روپے مقرر کی جائے تاکہ وہ مہنگائی کے اس دور میں عزت سے گزارہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام فیکٹریوں اور کارخانوں کے منافع میں مزدور کو شریک کرنے کی بات کرتا ہے جبکہ آج کا معاشرہ مزدور کے بد ترین استحصال کی تصویر پیش کر رہا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ انتخابی نظام مزدوروں کے حقوق کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ اسے بدلے بغیر مزدوروں کو حقوق ملنا محال ہے آج لوڈشیڈنگ کے باعث مزدور بے روز گار ہیں اور دو لقموں کا حصول بھی ناممکن بن گیا، اسکے بچے بھوک ننگ کا شکار ہیں۔ آج تو اس سے مزدوری کا حق بھی چھن چکا ہے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ نے عوام کو بے حال اور مزدور سے اسکا رزق چھین لیا ہے۔ حکومت پٹرول کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو واپس لے کر اسکی قیمت کو 60روپے لیٹر کی سطح پر لا کر اسے دو سال کیلئے منجمد کر دے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ نے مزدوروں کو بے روزگار کر دیا ہے۔ آج کی ریلی میں شریک سینکڑوں افراد شکاگو کے مزدوروں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آج مزدور طبقے کو اپنے حقوق کیلئے اٹھنا ہو گا۔
تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کہا کہ مزدوروں کو میرا پیغام ہے کہ اسلام نے حقوق کا جو تصور دیا ہے اسے سمجھنے کی کوشش کریں۔ حقوق سے آگاہی حصول کی پہلی سیڑھی ہے۔ آج مزدوروں کے حقوق سے مقتدر طبقہ کھیل رہا ہے۔ ایک طرف اربوں ڈالر کی کرپشن کر کے سوئس بینک بھرنے والا طبقہ ہے تو دوسری طرف ایک وقت کی روٹی سے محروم مزدوروں کے خاندان ہیں۔ دولت کی اس غیر منصفانہ تقسیم کو ختم کئے بغیر مزدور کو حقوق نہیں مل سکتے۔ اسلئے مزدور اور غریب طبقے کو اس ظالمانہ، منافقانہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ محنت کش طبقہ کسی مخلص اور منظم اجتماعیت کا حصہ بن کر اپنے حقوق کی آواز بلند کرے۔ پاکستان عوامی تحریک مزدوروں اور غریبوں کی جماعت ہے اور اسکی جنگ معاشرے کے ظالم استحصالی طبقے کے خلاف ہے۔
تبصرہ