منہاج القرآن انٹرنیشنل (دیزیو) اٹلی کے زیر اہتمام درس قرآن وحدیث کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز

مورخہ: 12 مارچ 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل(دیزیو) اٹلی کا آغاز نومبر 1996ء میں علامہ حافظ نذیر احمد قادری الازہری کے دورہ کے دوران ہوا تھا اس دورہ میں میلان صوبہ کے شہر دیزیو میں پہلی باضابطہ تنظیم قائم کی گئی، اس کے ساتھ ہی باقی شہروں میں بھی تنظیمات کے قیام کا عمل شروع ہو گیا اور اگلے چھ ماہ میں اٹلی کی مرکزی تنظیم بھی تشکیل دے دی گئی۔اٹلی تنظیم اپنے قیام سے لے کر اب تک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے پانچ دورہ جات کا انتظام کر چکی ہے اس کے علاوہ دو تربیتی کیمپ بھی منعقد کرواچکی ہے ۔

مقامی کمیونٹی کے ساتھ وسیع پیمانے پر کام کرنے کے ساتھ اپنی نوجوان نسل کی تربیت اور اس کا مستقبل بہتر بنانے کے لئے بھی عملی طور پر دو سال سے کام جاری ہے۔ جامعۃ الازہر شریف مصر اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اشتراک سے جو رابطہ آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے اس کا خوبصورت اثراٹلی میں منہاج القرآن کے کام پر بھی پڑا ہے۔ منہاج القرآن اٹلی نے تعلیم وتربیت کا سارا کام منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر کی ہدایات کے مطابق اس رابطہ آفس(WAAG) کے زیر نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے کی پہلی کلاس 12 مارچ 2011ء بروز ہفتہ بعد نماز عصر شروع ہوئی۔ کلا س کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد منہاج القرآن دیزیو کے ناظم حاجی محمد اشرف نے مختصر بریفنگ دی اور علامہ حافظ نذیر احمد قادری الازہری کا اس کورس کے لئے وقت دینے پر شکریہ ادا کیا۔ پراجیکٹ کے کوآرڈینیٹرچن نصیب نے اس کورس کی غرض وغایت بیان کی۔ کورس میں تفسیر کے لئے سورۃ ال عمران کا انتخاب نوجوان بچے اور بچیوں کی وجہ سے کیا گیا کہ اسلام میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام، ان کی والدہ ماجدہ اور ان کے خاندان کے بارے میں کیا عقیدہ ہے۔ علامہ حافظ نذیر احمدقادری الازہری نے اپنے لیکچر کا آغاز حضرت مریم علیہ السلام کے پورے خاندان کی تاریخ سے شروع کیا۔ اس خاندان کی تفصیل بتانے کے بعد حضرت مریم علیہ السلام کا مقام ومرتبہ بیان کیا۔ پھر حضرت آدم علیہ السلام، حضرت عزیر علیہ السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں مسلمانوں کے عقیدے کے بارے میں بڑے آسان اور سادہ انداز میں سمجھایا۔

کلاس میں شرکاء کی تعدادایک سو تیس سے زائد ہے، کلاس میں خواتین کی کثیر تعداد میں موجودگی کے باوجود لیکچر کے دوران مکمل توجہ اور انہماک برقرار رہنا علامہ حافظ نذیر احمد قادری کی وجہ سے تھا کیونکہ نوجوان طبقہ ان کی بات کو سنتا اور مانتا ہے۔ یورپ میں بے شمار لوگوں کو دین کی طرف مائل کرنے کے لئے جس لگن، خلوص اور مشقت کے ساتھ کام کیا ہے اس نے لوگوں کے دلوں میں علامہ حافظ نذیر احمد قادری الازہری کے لئے نہ صرف ادب واحترام پیدا کیا ہے بلکہ فیملیز ان کو اپنے گھر کا سربراہ سمجھتی ہیں اور اپنے گھریلو معاملات میں ان سے راہنمائی لیتی ہیں۔

رپورٹ: محمدیعقوب

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top