مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کر دیا : سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ
کراچی ٹارگٹ کلنگ کی
حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے وفد سے
ملاقات میں گفتگو
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان قیادت کے بد ترین بحران کا شکار ہے اور اس کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار پر براجمان لیڈر نہیں ہیں اور حقیقی لیڈر اقتدار میں نہیں ہیں۔ عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کر دیا ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری کے عذاب نے 17 کروڑ عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ اعصاب شکن لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار ہیں اور دو لقموں کا حصول بھی ناممکن بن گیا ہے۔ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے پاکستانیوں کو بے حال کر دیا ہے۔ حکومت فوری طور پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو واپس لے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے وفد سے ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا کہ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے مقتدر طبقوں کو احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے اس کے پیش نظر سیاستدان طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے، ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پر تشدد رویے کو کچلنے کیلئے موثر اور سنجیدہ کارروائی کریں اور مذہبی و لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔
تبصرہ