ذرائع آمدن میں اضافے کی بجائے مسلسل کمی ہو رہی، حکومت معیشت کی بحالی پر توجہ دے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 11 مئی 2011ء

ناسازگار حالات کی وجہ سے صنعت و تجارت پہلے ہی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

حکومت کی طرف سے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ مہنگائی کے ہاتھوں پسے ہوئے مجبور عوام کیلئے نا قابل برداشت ہو گیا ہے۔ پہلے ہی بجلی کے نرخوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر تحریک فیض الرحمان درانی، نائب ناظم اعلی پبلک ریلیشنز جی ایم ملک، نائب ناظم اعلی دعوت و تربیت رانا محمد ادریس، ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، ناظم علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ، ناظم سیکرٹریٹ عاقل ملک،  ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، ناظم اجتماعات جواد حامد، سینئر نائب ناظم تنظیمات ساجد بھٹی، بابر چوہدری اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران حکومت نے بجلی کی قیمت میں تقریباً 55 فیصد اضافہ کیا ہے، جبکہ صورتحال یہ ہے کہ ذرائع آمدنی میں اضافے کی بجائے مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ ایسے میں بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں نا روا اضافے نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی عوام متحمل نہیں ہو سکتی، کیونکہ ناسازگار حالات کی وجہ سے صنعت و تجارت پہلے ہی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے اور سرمایہ کاری میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان نے جو رپورٹ شائع کی ہے اس کے مطابق ملکی معیشت کی صورتحال خوفناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ دوسری طرف حکومت جتنی توجہ سیاسی محاذ آرائی پر دے رہی ہے، اگر اتنی توجہ معیشت کی بہتری، توانائی کے بحران اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے دے تو شاید حالات میں بہتری آجائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو توانا ئی کے بحران، مہنگائی کے طوفان اور آنے والے بجٹ میں سنجیدگی کے ساتھ حالات سے ستائے عوام کو ریلیف دینا چاہیے ۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top