چار سدہ بم دھماکوں میں FC کے جوانوں اور معصوم شہریوں کی شہادت انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک سانحہ ہے : فیض الرحمن درانی

مورخہ: 13 مئی 2011ء

اسلام امن کا دین ہے لیکن کچھ عناصر اس میں دہشت گردی کا شر اور فساد برپا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں
قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں
مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن علامہ فیض الرحمن درانی کا جامع مسجد منہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام امن و محبت، غریب پروری، باہمی گفت و شنید اور ایک دوسرے کے معاملات کو سمجھنے اور برداشت کرنے کا درس دیتا ہے۔ اسلام ہمیں انسانیت کے عزت و احترام اور اتحاد کا سبق دیتا ہے۔ اسلام امن کا دین ہے لیکن کچھ عناصر اس میں دہشت گردی کا شر اور فساد برپا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ چار سدہ میں ہونیوالے بم دھماکوں میں FC کے جوانوں اور معصوم شہریوں کی شہادت انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک سانحہ ہے، اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ظلم کی انتہا ہے۔

انہوں نے چار سدہ بم دھماکوں میں زخمی ہونیوالوں کی جلد صحت یابی اور شہید ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔ علامہ فیض الرحمن درانی گزشتہ روز جامعہ مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعے کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں، لہذا آج کے دور پر فتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 56 اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کوچاہیے کہ وہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں اورمغرب کی تقلید اور ان سے خوف کی روش کو ترک کر دیں۔ آج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کے فیض کے باعث کائنات کا وجود قائم ہے۔ تحریک منہاج القرآن حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، رحمت اور احترام کی ضرورت ہے۔ یہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جو حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔

مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن فیض الرحمن درانی نے کہا کہ معلم انسانیت آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درود و سلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ و فساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامتی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق، معاملات اور سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنانے سے ہی امت مسلمہ کی عظمت رفتہ بحال ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top