موجودہ نظام ایسے ہے جیسے ٹانگے میں کار کا انجن۔ حسین محی الدین القادری

مورخہ: 30 مئی 2011ء

مخصوص خاندانوں کی سیاسی وراثت اور کرپشن کا نام جمہوریت بنا دیا گیا ہے
پاکستان عوامی تحریک کی نو منتخب ایگزیکٹو کونسل کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو

تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر حسین محی الدین القادری نے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوری نظام کو پاکستان میں چلایا تو جا رہا ہے مگر یہ ملک و قوم کو ہمیشہ حقیقی جمہوریت سے دور رکھے گا کیونکہ جن ملکوں میں یہ نظام کامیابی سے چل رہا ہے وہاں خواندگی اور شعور کا تناسب بہت بلند ہے۔ وہاں الیکشن کمیشن آزاد ہے اور مقتدر بھی قانون سے مبراء نہیں ہیں۔ وہاں الیکشن میں برادری سسٹم، غنڈہ گردی اور پیسے کا عمل دخل نہیں۔ وہاں ہر شخص جانتا ہے کہ فلاں پارٹی اگر اقتدار میں آئی ہے تو اس کی خارجہ پالیسی، معاشی اور داخلہ پالیسی کیا ہو گی۔ بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے اسکا پروگرام کیا ہوگا اور ملک کے دیگر مسائل کیلئے اسکا منشور کیا ہے۔

پاکستان کے تناظر میں موجودہ نظام کی مثال اس طرح ہے جیسے ٹانگے میں کار کا انجن لگا دیا ہوا ہو۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی نو منتخب ایگزیکٹو کونسل کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر لہراسب گوندل، ایم ایچ شاہین، غلام فرید، میاں زاہد جاوید اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو نظام کہنا جمہوریت کی توہین ہے۔ قوم ظالمانہ استحصالی اور منافقانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ آج کرپٹ لوگوں کے سیاسی کردار کو ختم کرنا ہو گا۔ بدقسمتی ہے کہ ملک میں آئیڈیالوجی نام کی کسی چیز کا وجود نہیں۔ مخصوص خاندانوں کی سیاسی وراثت اور کرپشن کا نام جمہوریت بنا دیا گیا ہے۔

حسین محی الدین القادری نے کہا کہ ملک کی خود مختاری بیچ دی گئی ہے، دہشت گرد قاتل اور غنڈے پورے ملک کو یر غمال بنا چکے ہیں۔ دفاعی اداروں پر کھلے حملے ہو رہے ہیں اور کسی کو پرواہ بھی نہیں ہے۔ کرپشن سیاستدانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے۔ اس لئے عوام کو نظام کی تبدیلی کیلئے باہر نکلنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top