خود کش حملوں کا تسلسل، بم دھماکے، لوڈ شیڈنگ اور ہوشرباء مہنگائی اللہ کی ناراضگی کی نشانیاں ہیں : ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی
اللہ اس وقت تک قوموں کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خود بدلنے کی کوشش
کا آغاز نہیں کرتیں
ہماری دعائیں اس لیے قبولیت کے درجہ پر نہیں پہنچتی کہ ہم نے اللہ کو بھلا دیا
جامع مسجد منہاج القرآن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع
سے خطاب
خود کش حملوں کا تسلسل، بم دھماکے، لوڈشیڈنگ اور ہوشرباء مہنگائی اللہ کی ناراضگی کی نشانیاں ہیں۔ قوم اجتماعی توبہ کرے۔ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہم اللہ تعالی کو بھلا چکے ہیں، اس لیے نا اہل اور مفاد پرست حکمران ہم پر مسلط ہیں۔ اللہ تعالی اس وقت تک قوموں کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ اپنی حالت کو خود بدلنے کی کوشش کا آغاز نہیں کرتیں۔ ہم انگریز کے دیئے گئے قوانین میں ابھی تک واضح تبدیلی نہیں کرسکے جو ہماری غلامانہ سوچ کی عکاس ہیں۔
ان خیالات کا اظہار علامہ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے جامع مسجد منہاج القرآن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ معاشی تفاوت کی خطرناک تصویر پیش کر رہا ہے۔ امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے، جبکہ درمیانہ طبقہ ختم ہوگیا ہے۔ ہماری دعائیں اس لیے قبولیت کے درجہ پر نہیں پہنچتی کہ ہم نے اللہ تعالی کو بھلا دیا ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے میں تساہل برتتے ہیں اور قرآن سے اپنے تعلق کو توڑ لیا ہے۔ حب الٰہی، عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور رجوع الی القرآن کو اپنی زندگیوں میں لوٹانا ہوگا۔ اس سے اللہ کی ناراضگی ختم ہوگی اور ہمیں مشکلات سے نجات ملے گی۔
تبصرہ