پاکستانی قوم امانت اہل اور دیانت دار لوگوں کے سپرد کردے تو ملک کے حالات بدل جائیں : علامہ شریف کمالوی
ہر وہ عمل جسے اللہ پسند کرتا ہے اور اس سے راضی ہوتا ہے اسے عبادت
کہتے ہیں
علامہ شریف کمالوی کاجامع منہاج القرآن میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب
تحریک منہاج القرآن شعبہ دعوت و تربیت کے سینئر نائب ناظم حافظ محمد شریف کمالوی نے کہا ہے کہ ہر وہ عمل جسے اللہ پسند کرتا ہے اور ا س سے راضی ہوتا ہے اسے عبادت کہتے ہیں۔ جھوٹ چھوڑ کرسچ بولنا شروع کر دیں یہ عمل اللہ کو پسند ہے اسلئے یہ بھی عبادت میں شمار ہوگا، بالکل اسی طرح جس طرح نماز، روزہ حج اور زکوٰۃ دینا ہے۔ توبہ کرنے کا عمل اللہ کو پسند ہے لہٰذا توبہ حقیقی روح کے ساتھ ہو تو یہ بھی عبادت ہے۔
وہ گزشتہ روز جامع منہاج القرآن میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق العباد کی ادائیگی بھی عبادت ہے غرض ہر وہ عمل جسے خدا پسند کرے اور اس پر عمل کرنے سے وہ راضی ہو اسے عبادت کہتے ہیں۔ جانوروں سے رحم کرنے کا عمل خدا کو پسند ہے اسلئے یہ بھی عبادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عبادت کے تصور کو انتہائی محدود کر دیا گیا ہے۔ نماز روزہ حج، زکوٰۃ، ورد وظیفہ اور صدقات خیرات کو ہی عبادت سمجھ لیا گیا ہے۔ اسلام نے عبادت کا اتنا وسیع تصور دیا ہے کہ سڑک پر پڑے پتھر کو اس نیت سے ہٹا دینا کہ دوسرا ٹھوکر یا حادثے سے محفوظ ہو جائے یہ بھی عبادت کے بلند درجے پر آجاتا ہے۔
علامہ شریف کمالوی نے کہا کہ انسان کو ہر پل اپنے رب کے سامنے عاجزی اور انکساری میں رہنا چاہیے۔ اور اس کے بندوں کے ساتھ نرمی اور محبت سے پیش آنا چاہیے۔ امانتیں اہل لوگوں کے سپرد کرنا بھی عبادت ہے۔ پاکستانی قوم امانت اہل اور دیانت دار لوگوں کے سپرد کردے تو ملک کے حالات بدل جائیں۔
تبصرہ