شیخ الاسلام کے نواسے حامد مصطفیٰ القادری کی پیدائش، دنیا بھر میں خوشی کی تقاریب

لاہور (قاضی فیض الاسلام سے) مورخہ 8 جولائی 2011ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کے نواسے حامد مصطفیٰ القادری کی پیدائش تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، دنیا بھر کے کارکنان و وابستگان اور محبین کے لیے عظیم خوشخبری ہے۔ اس خوشی پر دنیا بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، مٹھائیاں تقسیم ہوئیں اور شکرانے کے نوافل ادا کر کے اللہ کی بارگاہ میں دعا کی گئی کہ وہ اپنے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہلبیت اطہار رضی اللہ عنہم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، حضور غوث الاعظم رضی اللہ عنہ، حضور سیدنا طاہر علاؤ الدین رضی اللہ عنہ، اولیائے کرام اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کی دینی و روحانی خدمات کے صدقے حامد مصطفیٰ القادری کو درازی عمر اور تندرستی عطا فرمائے اور ان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ اپنے عظیم المرتبت نانا کی زندگی کی پیروی میں بسر ہو اور تحریک منہاج القرآن کی مستقبل کی قیادت میں انہیں نمایاں مقام حاصل ہو اور ان کی کاوشیں مشن کی ترویج و اشاعت کا باعث بنیں۔

خوشی کے اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں مورخہ 8 جولائی 2011ء ایک تقریب ہوئی جس میں مرکزی قائدین نے حامد مصطفیٰ القادری کی پیدائش کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی۔ اس موقع پر مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ علامہ مسکین فیض الرحمٰن درانی، نائب امیر تحریک بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ رانا فیاض احمد، پرنسپل کالج آف شریعہ بریگیڈئر ریٹائرڈ ڈاکٹر عبداللہ رانجھا، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی، ناظم امورخارجہ راجہ جمیل اجمل، ناظم پبلی کیشنز حاجی منظور حسین قادری، ناظم اجتماعات جواد حامد اور دیگر ناظمین، نائب ناظمین اور سٹاف ممبران موجود تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی امیر تحریک فیض الرحمن درانی نے کہا کہ دختر حضور شیخ الاسلام محترمہ قرۃ العین فاطمہ اور محترم راجہ زاہد محمود کو بیٹے کی نعمت عظیم عطا ہونے پر ہزار مرتبہ مبارکباد ہو، ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے تحریک منہاج القرآن پر رحمت و برکت ہے۔ اللہ بچے کو عمر خضر اور تندرستی عطا فرمائے اور تحریک منہاج القرآن کے مشن کے لیے عظیم سرمایہ بنائے۔

قائمقام ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض نے خوشی کے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور شیخ الاسلام کے خاندان کی خوشی سے بڑھ کر ہمارے لیے کیا مسرت ہو سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ باجی محترمہ قرۃ العین فاطمہ کو بیٹے کی خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے۔ اللہ رب العزت باجی اور بیٹے کو دائمی صحت اور لمبی زندگی دے اور بچے کو اپنے عظیم نانا حضور شیخ الاسلام کے نقش قدم پر چلنے کی عظیم توفیق اور صلاحیت سے نوازے۔

نائب ناظم اعلیٰ محترم جی ایم ملک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام کو نواسے کی نعمت عطا ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاص لطف و عنایت حامد مصطفیٰ القادری کو تاعمر نصیب رہے اور انہیں اپنے عظیم المرتبت نانا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے باطنی فیوضات اور برکات میں سے وافر حصہ عطا فرمائے اور اپنے والدین کے لیے ہمیشہ آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے رکھے۔ باجی قرۃ العین فاطمہ اور راجہ زاہد محمود کو بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا میری دعا ہے کہ اللہ تندرستی کے ساتھ سارے خاندان پر اپنی رحمتوں کا نزول جاری رکھے۔

اس موقع پر بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، راجہ جمیل اجمل، جواد حامد، ساجد محمود بھٹی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں مرکزی امیر تحریک فیض الرحمن درانی نے نومولود کی صحت اور درازی عمر کے لیے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ: قاضی فیض الاسلام

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top