رمضان المبارک دلوں کا زنگ اتارنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے: غلام مرتضی علوی

مورخہ: 05 اگست 2011ء

دل کے تخت پر قبضہ کرنے کیلئے نفس اور روح کے درمیان جنگ جاری رہتی ہے
علامہ غلام مرتضی علوی کا جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ دلوں کا زنگ اتارنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ نفس امارہ باطنی طور پر انسان پر حملہ آور رہتا ہے اور برائی کی طرف مائل کرتا ہے، رمضان المبارک میں کثرت عبادت و ریاضت اور تزکیہ سے اس سے نجات مل سکتی ہے۔ نفسانی خواہشات پر حاوی ہونے اور ان سے چھٹکارا پانے کیلئے رمضان المبارک سے بہترین مہینہ کوئی اور نہیں ہوسکتا۔ انسانی جسم میں دل کے تخت پر قبضہ کرنے کیلئے نفس اور روح کے درمیان جنگ جاری رہتی ہے۔ مادیت کے غلبہ کے پیش نظر اکثریت کی روح جسم کے پنجرے میں مضمحل رہتی ہے۔

اللہ تعالیٰ مسلمان کو موقع فراہم کرتا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں ریاضت، مجاہدے اور عبادات کی کثرت سے روح کو ترو تازہ کرے تاکہ وہ دل پر سے نفس کے قبضہ کو چھڑانے میں کامیاب ہوجائے اور پھر سال کے دیگر 11 ماہ اور ساری زندگی انسانی قلب و روح کے تابع آجائے۔ وہ گذشتہ روز جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب دل روح کے تابع ہوجاتا ہے تو اس سے بلا ارادہ نیکی کے اعمال سرزد ہونے لگتے ہیں اور گناہوں سے اسکا دامن بچا رہتاہے۔

غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ بے چینی، بے سکونی اور اضطراب سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ نفس امارہ سے چھٹکارا پایا جائے، صحبت کو صالح رکھا جائے تاکہ انسان معاشرے اور پوری انسانیت کیلئے خیر کے رویے پھیلانے والا بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ مادیت کا شدید حملہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم اللہ اور اسکے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹا رشتہ بحال کرنے پر محنت کریں۔ مرتضیٰ علوی نے کہا کہ رمضان المبارک خود احتسابی کا عظیم درس دیتا ہے۔ انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے سے ہی ہم پر سکون، خوشحال، باوقار اور کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top