تمام قافلے شہر اعتکاف کی جانب
تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف تزکیہء نفس، فہم دین، اصلاح احوال، توبہ اور آنسوؤں کی بستی میں ہر سال ہزاروں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھتے ہیں۔ امسال بھی یہ روحانی، تربیتی شہر اعتکاف سجایا رہا ہے، 20 رمضان المبارک (21 اگست 2011ء) کو عشاقان کے تمام قافلے شہر اعتکاف پہنچیں گے، جہاں ان کے لیے وسیع و عریض انتظامات کیے گئے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور سربراہ اعتکاف شیخ زاہد فیاض نے اعتکاف گاہ کے تمام انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کے بعد انتظامی کمیٹیوں کو باقاعدہ چارج دے دیا ہے۔
دس روزہ مسنون اعتکاف کے دوران دیگر معمولات کے علاوہ دنیا بھر سے ہزاروں معتکفین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خصوصی ایمان افروز خطابات سنیں گے، یہ خطابات www.minhaj.tv کے ذریعے براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ستائیسیویں شب کا عالمی روحانی اجتماع بھی ہو گا جسے www.minhaj.tv اور نجی ٹی وی چینل کے ذریعے براہ راست پیش کیا جائے گا۔
تحریک منہاج القرآن کا یہ روحانی تربیتی مرکز ایک دھوبی گھاٹ کی طرح ہے یہاں میلی کچیلی اور زنگ آلود روحوں کو دھو کر ان کو پاک صاف کر دیا جاتا ہے۔ لوگ یہاں آتے ہیں اور فیو ض و برکات سے اپنی جھولیاں بھر کر لے جاتے ہیں۔ اس اجتماعی اعتکاف میں نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد شرکت کرتی ہے جو روحانیت کے فیوض سے جھولیاں بھر کر رخصت ہوتی ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اس اعتکاف گاہ پر رحمتوں اور برکتوں کی خصوصی بارش ہوتی ہے۔ پتھر سے پتھر دل یہاں آکر نرم ہو جاتے ہیں۔ یہاں سے لوگ رحمتوں، برکتوں اور محبتوں کے خزانوں سے جھولیوں کو بھر کر روانہ ہوتے ہیں۔ یہاں پیار، محبت، ایثار، قربانی، رواداری اور ہمدردی کے جذبات کا مظاہرہ ہر وقت دیکھنے کو ملتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا یہ اجتماعی اعتکاف پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد اعتکاف ہے جہاں اتنے زیادہ لوگ دس دن قیام کرتے ہیں اور دین کا صحیح فہم اور تربیت کے موتی لے کر اٹھتے ہیں۔ یہ اعتکاف تحریک منہاج القرآن کے دیگر امتیازات میں ایک سنہری باب کی حیثیت سے شامل ہے۔
اس اجتماعی اعتکاف میں ہزاروں خواتین بھی شرکت کرتی ہیں جن کی تربیت کی ذمہ داری منہاج القرآن ویمن لیگ کے سپرد ہوتی ہے۔ خواتین کی اعتکاف گاہ قریب ہی منہاج کالج برائے خواتین میں قائم کی جاتی ہے جو کلوز سرکٹ ٹی وی اور بڑی ڈیجیٹل سکرینوں کے ذریعے شہر اعتکاف سے منسلک ہوتی ہے۔
اعتکاف گاہ میں دیگر سہولیات کے ساتھ ڈسپنسری کا قیام بھی لازماً ہوتا ہے جہاں کسی اچانک حادثے سے نمٹنے کا بخوبی بندوبست ہوتا ہے اور معتکفین کو مفت دوا اور علاج کی سہولت میسر ہوتی ہے۔ اس شہر اعتکاف میں ایک عجیب روح پرور منظر ہوتا ہے، روحانی طور پر سرشاری کی کیفیات اس شہر کے باسیوں کے چہروں پر بخوبی دیکھی جاسکتی ہیں۔ راتوں کے قیام، ورد وظیفے، تلاوت قرآن اور نعت خوانی ہر وقت ہوتی رہتی ہے۔
تبصرہ