منہاج القرآن اسلامک سنٹر برمنگم کے زیر اہتمام یوم پاکستان افطار ڈنر
منہاج القرآن اسلامک سنٹر برمنگھم (یوکے) کے زیراہتمام مورخہ 17 اگست 2011ء کو یوم پاکستان افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں پورے برطانیہ سے منہاج القرآن کی جملہ تنطیمات کے نمائندگان اور نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے کہا کہ اگست کا مہینہ اس دفعہ رمضان المبارک کے دامن میں آن بسا ہے یہ مہینہ ہمیں ذاتی مناجات کو ایک طرف رکھتے ہوئے قومی اور اجتماعی سوچ اپنانے اور بانیان پاکستان کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجہ میں اس مملکت کا قیام عمل میں آیا۔ وہ قوم، دنیا جس سے عالم اسلام کی قیادت کی توقع لگائے بیٹھی تھی علاقائی اور لسانی گروہوں میں تقسیم ہو کر اپنے ہی بھائیوں کے گلے کاٹنے میں مصروف ہے، ادارے ایک دوسرے کے مدمقابل اور عوام آسمان کی طرف نگاہیں اٹھائے کسی معجزے کی منتظر ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی میں بگاڑ اپنے کمال پر پہنچ کر پوری قوم کا مذاق اڑا رہا ہے۔ حکمران طبقے کی ترجیحات میں پاکستان اور غریب عوام کہیں دکھائی نہیں دیتے، علماء اپنی دو اینٹ کی مسجد کی تزئین میں گم اور خود احتسابی، انفرادی اور اجتماعی رویوں سے صرف نظر کئے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا ناسور بیرونی دنیا میں پا کستان کی پہچان بن چکا ہے۔ ان حالات میں اصلاح احوال کی سنجیدہ کاوشوں کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ ہمیں پاکستانی اور مسلمان ہونے کے نام پرلگے ان دھبوں کو تعمیری کردار اور حسن اخلاق سے دھونا ہے۔
ممبر برٹش کونسل فار اسلامک گائیڈنس برطانیہ علامہ اشفاق عالم قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینہ میں خود کو بھوک اور پیاس کی کیفیت میں رکھنے سے کچھ حاصل نہ ہوگا، درستگی کی توقع صرف دوسروں سے کرنا اور خود لوٹ مار کے اس نظام کا حصہ بن کر اسی روش اور ڈگر پر چلتے رہنے سے معاملات کبھی درست نہیں ہوں گے۔ تقویٰ کے حصول کے لئے ہمیں کردار میں تبدیلی لانی ہے۔ اپنے دسترخوانوں پر صرف امراء اور سیاسی پنڈتوں کو افطار پارٹیوں میں بلانے کے رویے کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارتھ کے نمائندے سیرت علی نے کہا کہ مایوسی اور ناامیدی کے ان بادلوں میں تحریک منہاج القرآن کے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جدوجہد، فکری ونظریاتی کام امید کی وہ کرن ہے جس سے امت مسلمہ قیامت تک راہنمائی لیتی رہے گی۔ پروگرام میں ھیلی فیکس، گلاسگو، لندن، برمنگھم، بریڈ فورڈ، والسال اور نیو بری سے کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
رپورٹ:شاہد جنجوعہ
تبصرہ