رمضان المبارک کا آخری عشرہ اللہ سے تعلق جوڑنے اور اس کی رضا کے حصول کا ذریعہ ہے: سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ

مورخہ: 27 اگست 2011ء

کتنی خوش نصیب ہیں وہ مائیں جن کو اس اجتماعی اعتکاف میں یہ پرکیف ساعتیں نصیب ہوئی ہیں
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ کا شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکف خواتین کے اجتماع سے خطاب

رمضان المبارک کا مہینہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس کی غرض و غایت میں انسان کے نفس اور قلب و باطن کو ہر قسم کی آلودگی اور کثافت سے پاک کرنا ہے اور خصوصاً آخری عشرہ ہمارے لئے اللہ سے تعلق جوڑنے اور اس کی رضا اور محبت کے حصول کا ذریعہ ہے کیونکہ ہمارا تعلق اللہ تعالیٰ سے کمزور ہو چکا ہے اور ہم نے دنیا کے عیش و آرام کو اپنے اندر داخل کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے شہر اعتکاف میں موجود ہزاروں خواتین کے تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرنے کے بعد اصل راحت و آرام والا وقت ہماری نگاہوں سے اوجھل ہو گیا ہے ہم میں سے کوئی ایسا نہیں جو کہہ سکے کہ وہ اتنے سالوں تک زندہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک کے آخری عشرے کو اپنی زندگیوں کا آخری عشرہ سمجھتے ہوئے حتی المقدور کوشش کرنی چاہیے کہ خلوت نشینی (اعتکاف) اختیار کریں اور جہاں تک ممکن ہو اس ماہ مبارک کے فیوض و برکات سمیٹیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام عظیم الشان اعتکاف کی کامیابی کی وجہ یہ ہے کہ معتکفات خواتین کو شب و روز کی عبادت و کثرت نوافل کے علاوہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات براہ راست سننے کا موقع ملتا ہے۔ شیخ الاسلام کے روح پرور خطابات اور حکمت بھری ہدایات کی وجہ سے دلوں پر گناہوں کی جمی ہوئی سیاہی دھل جاتی ہے۔ کتنی خوش نصیب ہیں وہ مائیں جن کو اس اجتماعی اعتکاف میں یہ پرکیف ساعتیں نصیب ہوئی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top