6 ستمبر والے جذبے سے کراچی میں امن کا قیام ممکن ہے

آج 6 ستمبر کے شہداء کی روحیں پوری قوم سے سراپا قربانی بننے کا تقاضہ کررہی ہیں
سیاسی جماعتوں کے قائدین پاکستان کی کشتی میں سوراخ نہ کریں ورنہ سب ڈوب جائیں گے
سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے اور گھر کے معاملات مل بیٹھ کر حل کرے
تحفظ پاکستان سیمینار سے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کے خطابات

کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے وہاں امن کے قیام کے لیے ہر پاکستانی کو کردار ادا کرنا ہے، تحفظ کراچی تحفظ پاکستان ہے۔ 6 ستمبر والے جذبے سے کراچی میں امن کا قیام ممکن ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کراچی کے مسئلے کے حل کے لیے ایسا ٹھوس فیصلہ دے جو اس قضیے کی ہمیشہ کے لیے جڑ کاٹ دے۔ قوم کی نظریں اعلیٰ عدلیہ اور محب وطن قوتوں پر لگی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے’’ تحفظ پاکستان ‘‘سیمینار میں صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرنا ہے کیونکہ آج استحکام کی بجائے تحفظ پاکستان کا مسئلہ درپیش ہے جو 6 ستمبر کے جذبہ سے ہی ممکن ہے۔

سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج اندرونی اور بیرونی طور پر پاکستان سازشوں میں گھرا ہوا ہے ان حالات میں قوم میں ملک کے مفادات کو بچانے کا جذبہ بیدار کرنا سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ آج 6 ستمبر کے شہداء کی روحیں پوری قوم سے سراپا قربانی بننے کا تقاضہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داخلی طور پر کمزور پاکستان خطے میں باوقار مقام حاصل نہیں کرسکتا اس لیے سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے اور گھر کے معاملات مل بیٹھ کر حل کرے کیونکہ بیرونی طاقتوں کی دخل اندازی ملکی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سے سب کی خیر ہے اس لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین پاکستان کی کشتی میں سوراخ نہ کریں ورنہ سب ڈوب جائیں گے۔

عوامی تحریک پنجاب کے صدر لہراسب خان گوندل نے کہا کہ 6 ستمبر قوم کے جذبہ حریت کو مہمیز لگاتا ہے پوری قوم اختلافات بھلا کر سیسہ پلائی دیوار بن جائے اور نظریہ پاکستان کو عملی کردار کے طور پر اپنالے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے کہا کہ آج بقائے پاکستان کی جنگ کرنے کے لیے 6 ستمبر کے شہداء اور غازیوں کا جذبہ ہر پاکستانی کو زندہ کرنا ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top