منہاج القرآن برطانیہ کے زیر اہتمام ویمبلے ایرینا لندن میں منعقد ہونے والی امن عالم کانفرنس کو کامیاب بنایا جائے گا

مانچسٹر (آفتاب بیگ) ورلڈ اسلامک مشن کے مرکزی راہنما اور میناب کے چیئرمین علامہ شاہد رضا نعیمی اور نامور مسلم اسکالر ڈاکٹر مشرف حسین الازہری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں منہاج القرآن برطانیہ کے زیر اہتمام ویمبلے ایرینا لندن میں منعقد ہونے والی ’’ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امن عالم ‘‘ کانفرنس کو کامیاب بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس کسی ایک جماعت یا مسلک کے پیروکاروں کے لئے نہیں بلکہ اس سے بہت اعلیٰ درجے پر بالخصوص امت مسلمہ کی اجتماعی مشکلات و مسائل کا ازالہ کرنے اور بالعموم غیر مسلم کمیونٹی کو آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہر رنگ ونسل اور مذہب کے پیروکاروں کے لئے رحمت اللعالمین ہونے اور ان کے پیغام اخوت ومحبت کو تفصیلاً پہنچانے کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، ان راہنماؤں نے کہا کہ برطانیہ بھر کے مسلمانوں کا یہ دینی فریضہ ہے کہ وہ اس کانفرنس کو کامیاب بنانے اور انتہا پسند عناصر کو تنہا کرنے کے لئے جوق در جوق نہ صرف شرکت کریں بلکہ اپنے غیر مسلم دوستوں کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کے لئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں۔

مزید برآں منہاج القرآن برمنگھم میں گذشتہ روز امن کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس علامہ محمد افضل سعیدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں برطانیہ بھر سے مختلف کمیٹیوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ شرکاء کو پروجیکٹ مینجر خرم شہزاد نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ بھر سے دوسو پچاس کوچز کی بکنگ کنفرم ہو چکی ہے جبکہ تاحال دس ہزار سے زائد مرد و خواتین کی شرکت بھی کنفرم ہو چکی ہے۔ منہاج القرآن کے اسکالرز برطانیہ بھر کے علماء و مشائخ کو ذاتی طور پر دعوت نامے پہنچانے میں سرگرم ہیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں امن عالم کے لئے تمام مذاہب کے راہنماؤں سے رابطے مکمل ہو چکے ہیں جس میں عیسائی، یہودی، ہندو، سکھ اور بدھ مت کی نمائندگی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

اجلاس کے بعد علامہ محمد افضل سعیدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کرنے میں منہاج القرآن تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائے گی۔ اورکم وبیش تین سو رضا کار کانفرنس کے دوران انتظامات اور شرکاء کی دیکھ بھال کا فریضہ سرانجام دیں گے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت برطانیہ، یورپ اور عرب دنیا سے بڑی تعداد میں میڈیا کی ٹیمیں اس عالمی کانفرنس کی کوریج کے لئے یقین دہانی کرو ا چکی ہیں۔ علامہ محمد افضل سعیدی نے بتایا کہ اگرچہ یہ کانفرنس منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے منعقد ہو رہی ہے لیکن اس میں برطانیہ کے تمام مسالک کے ماننے والوں سمیت غیر مسلموں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top