پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد اسلم کھرل کی تحریک منہاج القرآن میں شمولیت

مورخہ: 01 اگست 2011ء

پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد ممبر صوبائی اسمبلی پی پی 174 رائے محمد کھرل تحریک منہاج القرآن میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے یکم اگست 2011ء کو تحریک کے ایک پروگرام میں منہاج القرآن کی تاحیات رکنیت بھی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی خدمات و قوم و ملک سے جذبہ حب الوطنی اور اخلاص کی وجہ سے اپنی سیاسی مصروفیات کے ساتھ ساتھ میں آج تحریک منہاج القرآن میں باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کرتا ہوں کیونکہ محترمہ بے نظیر بھٹو خود بھی منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں۔ رائے محمد کھرل نے یہ اعلان منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید والہ کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریب کے موقع پر کیا۔

تقریب میں انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دین اسلام کے لیے کاوشیں اور کوششیں بے مثال ہیں۔ میں زمانہ طالب علمی ہی شیخ الاسلام کا مداح ہوں اور اسلام کے فروغ و اشاعت کے لیے ان کی تعلیمات سے بہت متاثر ہوں۔ شیخ الاسلام کی تعلیمی، سماجی، معاشرتی، فلاحی، دینی اور علمی خدمات کا کوئی ہم عصر نہیں۔

اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور مرکزی قیادت کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا اور تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ عنقریب انہیں مرکزی سیکرٹریٹ میں اسقبالیہ بھی پیش کیا جائیگا۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن فرانس کے سابق جنرل سیکرٹری رانا فیصل، MWF کے ڈپٹی ڈائریکٹر میاں افتخار احمد، پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی کو آرڈینیٹر راؤ محمد اقبال ایڈووکیٹ تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ناظم انجینئر رفیق نجم بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top