منہاج القرآن اور مرکزی جماعت اہلسنت کی مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس
یوکے (ابوابراہیم) اسلام ایک امن پسند اور سلامتی کا دین ہے جو فرد سے لے کرمعاشرے اور بعد ازاں پوری دنیا میں قیام امن کا درس دیتا ہے۔ ان حالات میں دنیا بھر کے مختلف فورمز سے اسلام کے محبت و امن کے پیغام کی بابت شکوک وشبہات کا اظہار کیا جارہا ہے تو اہل علم کا اکٹھے ہو کر مشترکہ پلیٹ فارم سے جدوجہد کا فیصلہ کرنا انتہائی خوش آئند اور لائق تقلید عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس (BCIG) کے علماء نے کیا۔ کونسل کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے کہا کہ اسلام کی سربلندی اور عروج کے لئے کی جانے والی کوششوں میں منہاج القرآن اور مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ و یورپ اہم مقام رکھتی ہیں۔ آج ہر طرف سے اسلام پر مختلف نوعیت کے حملے ہو رہے ہیں اور اسلام کا اصل امن و سلامتی والا چہرہ دنیا سے چھپایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور پیر سید عبدالقادری جیلانی نے امت کو اتحاد کا عظیم تحفہ عطا کر کے امیدوں کے چراغ جلائے ہیں۔
میڈیا سیکرٹری برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس علامہ شمس الرحمن آسی نے کہا کہ دین متین کو خوارج کے اثرات سے پاک کرکے اللہ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت و صحابہ کرام کی سچی محبت دلوں میں پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے دونوں راہنماؤں کی خدمات لائق تحسین ہیں اور جب یہ دونوں نابغۂ روزگار ہستیاں مل کرکام کریں گی تو اسلام کی حقیقی اور اصل تصویر دنیا تک ضرور پہنچے گی اور شکوک وشبہات کی گرد ختم ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں تنظیموں کے علماء و رفقاء عالمی امن کانفرنس ویمبلے میں اکٹھے شریک ہو کراسلام کا امن ومحبت کا پیغام دنیا بھر میں عام کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر علامہ محمد رفیق حبیب، علامہ اشفاق عالم قادری، علامہ عبدالسعید، علامہ محمد رمضان قادری، علامہ شاہد بابر اور دیگر نے بھی اس اتحاد کو سراہا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تبصرہ