منہاج القرآن گارج لے گونس، سارسل (فرانس) کے زیراہتمام ستائیسویں شب کی تقریب

مورخہ: 26 اگست 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل (گارج لے گونس، سارسل) فرانس کے زیراہتمام ستائیسویں شب رمضان المبارک (شب قدر) کا پروگرام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس بابرکت محفل میں علامہ عبدالرازق قادری، حاجی خلیل، زاہد محمود چشتی، فلک شیر، راحت حسین، حاجی شوکت، شیخ ارشد، صابر حسین، غلام فرید، محمد سہیل اور کثیر تعداد میں عوام الناس میں شرکت کی۔

شب قدر کی اس فضل اور رحمت والی رات کا آغاز نماز تراویح کے بعد قاری نورالامین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد گجرات (پاکستان) سے تشریف لائے مہمان نعت خواں محمد رضوان (ایوارڈ یافتہ) نے انتہائی خوبصورت انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں منہاج نعت کونسل گارج لے گونس نے اس رات کی نسبت سے تیار کردہ کلام نہایت ہی احسن انداز میں پیش کیا۔ پروگرام کی نقابت فلک شیر اور قاری کاشف محمود نے کی۔

سلسلہ نعت خوانی کے بعد رفقاء، کارکنان اور وابستگان کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ادارہ منہاج القرآن گارج لے گونس کی انتظامیہ نے ان میں سے ایسے احباب جنہوں نے جب سے ادارہ کی بنیاد رکھی اس وقت سے لے کر آج تک ہر لحاظ سے اپنی جانی اور مالی خدمات کو پیش کرتے رہے ان کو ایک ایک عرفان القرآن اور شیلڈز پیش کی گئی۔

علامہ عبدالرازق نے توبہ کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص بھی سچے دل کے ساتھ اپنے رب کی طرف مڑجاتے ہیں رب ان سے پیار کرتاہے اور اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو مقام و مرتبہ عطاکرتا ہے جو اس کی طرف جھک جاتے ہیں۔ آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کاپیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج بھی ہم اپنا رشتہ مصلحے کی پیٹھ سے جوڑ کر کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہو ں نے اسلامک سنٹر کا اور اس کے زیراہتمام جاری پروگراموں کا تفصیلی تعارف کروایا اور سامعین سے مرکز کے تعمیری کاموں کے لئے مالی تعاون کی اپیل کی۔ پروگرام کا اختتام علامہ عبدالرازق کی رقت آمیز دعا سے ہوا۔ منہاج القرآن گارج لے گونس کی انتظامیہ کی طرف سے شرکائے پروگرام کے لئے سحری کا وسیع پیمانے پر انتظام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: محمد علی رضا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top