تحریک منہاج القرآن کھوئیرٹہ کے زیراہتمام سیری میں ماہانہ درس عرفان القرآن کا آغاز

تحریک منہاج القرآن و مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کھوئیرٹہ کے زیراہتمام سیری میں مورخہ 20 ستمبر 2011ء بروز منگل ماہانہ درس عرفان القرآن کا آغاز ہوا ۔ جس میں نائب ناظم دعوت و تر بیت منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ رانا نفیس احمد قادری نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ طاہر محمود نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جب کہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عثمان شوکت نے پڑھی۔ سینئر نائب صدر TMQ کھوئیرٹہ وسیم شہزاد منہاجین نے درس عرفان القرآن کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ۔

درس عرفان القرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا نفیس احمد قادری نے ’’وسیلہ‘‘ کو موضوع سخن بناتے ہوئے قرآن پاک اور احادیث مبارکہ سے اس موضوع پر سیر طلب گفتگو کی۔ علامہ رانا نفیس احمد قادری نے توسل مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، توسل انبیاء علیہ السلام اور توسل اولیاء کرام پر دور حاضر میں اٹھنے والے اعتراضات پر حقائق پر مبنی دلائل سے روشنی ڈالی اور درس قرآن میں موجود عوام کے ایمان کو تقویت بخشی۔ اس کے علاوہ انہوں نے موجودہ بے حسی اور اسلام کی اشاعت کیلئے سرگرم رہنے کی تلقین کی۔

آخر میں علامہ رانا نفیس احمد قادری نے پاکستان کے حالات کی بہتری کے لیے عوام اور تمام اسلامی جماعتوں کے لیے جو اسلام کی سربلندی اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کو نگر نگرعام کرنے کیلئے کوشاں ہیں ان کیلئے خصوصی دعا کی۔ پروگرام میں تحریک منہاج القرآن و مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کھوئیرٹہ، یونٹ ی، یونٹ دربار مائی طوطی صاحبہ کے عہدیداران و وابستگان اور علاقہ بھر سے مرد و خواتین بالخصوص نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

رپورٹ: عثمان شوکت (صدر MSM تحصیل کھوئیرٹہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top