بڑی پارٹیوں نے چھوٹا کردار دہرانا شروع کر دیا ہے جو ملک کو بڑے بحران سے دوچار کر سکتا ہے

بدترین لوڈشیڈنگ اور پر امن مظاہرین پرتشدد کا حکومتی رویہ قابل مذمت ہے
تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں متفقہ قراداد منظور

بدترین لوڈشیڈنگ اور پر امن مظاہرین پرتشدد کا حکومتی رویہ قابل مذمت ہے۔ مظاہرین پر ریاستی بربریت کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز کا اضافہ غریب سے جینے کا حق چھیننے کے مترادف ہے۔ خارجہ پالیسی کو ملکی مفادات کے مطابق تشکیل دیا جائے اور ممالک سے تعلقات برابری کی سطح پر استوار کئے جائیں۔ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی سفاکانہ وارداتوں کا تسلسل ملکی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے اس کیلئے زمینی حقائق کو ملحوظ رکھ کر پالیسی تشکیل دی جائے۔ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے قومی و ملکی مفادات کیلئے کام کریں۔ عوام موجودہ ظالمانہ سیاسی نظام کے خاتمے کیلئے ایکا کر لیں تا کہ ملک میں جاری مفادات کا گھناؤنا کھیل ختم ہو سکے۔ یہ قرارداد تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اجلاس کی صدارت قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کی جبکہ اجلاس میں نائب امیر اقبال احمد خان، احمد نواز انجم، راجہ جمیل اجمل، ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا، ارشاد طاہر، منظور حسین مشہدی، سید فرحت حسین شاہ، قاضی فیض الاسلام، جاوید اقبال قادری اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین نے شرکت کی۔ شیخ زاہد فیاض نے کہاکہ ملکی حالات سیاسی محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ بڑی پارٹیوں نے چھوٹا کردار دہرانا شروع کر دیا ہے جو ملک کو بڑے بحران سے دوچار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق کے ساتھ پھر کھیلا جا رہا ہے اور جائز حق کیلئے نکلنے والوں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ عوام بے شعوری سے تائب ہو کر فیصلے ملکی و قومی مفاد میں کریں اور موجودہ ظالمانہ انتخابی نظام کے خلاف ایک ہو جائیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پر امن رہیں اور احتجاج کے دوران قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top