منہاج القرآن علماء کونسل کے قائدین کی لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ علماء کرام کا کردار معاشرے میں دینی اخلاقی اور روحانی اقدار کے فروغ میں بنیادی نوعیت کا ہے۔ تحریک پاکستان میں بھی ان کا کردار مثالی رہا۔ معاشرے میں اعلیٰ اخلاقی رویوں کو پروان چڑھانے میں مشائخ و علماء کے کردار کو ہر طبقہ نہایت عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے مگر بدقسمتی سے معاشرے میں ایسے جاہل ملاؤں کی بھی کمی نہیں جنہوں نے ذاتی مفادات کی خاطر دین مبین کو تختہ مشق بنا رکھا ہے۔ مسالک کے درمیان نفرت پھیلانا، دوسروں کو کافر کہنا، فتوے دینا، معاشرے میں انتہا پسندانہ اور متشدد رویوں کو فروغ دینا ان کا مذموم مشن ہے۔ مذہب کے نام پر انسانیت کی توہین کرنا ان کیلئے فخریہ کام ہے۔ علماء سو کے اس ٹولے نے اپنے کردار کی کالک اسلام جیسے آفاقی مذہب پر ملنے کی ہر دور میں کوشش کی ہے۔

ہم عوام الناس کوبتانا چاہتے ہیں کہ دین کا لبادہ اڑھنے والے ایسے سازشی ملاؤں سے آگاہ رہیں جن کا کام ہی تفرقہ اور انتشار کا ماحول زندہ رکھنا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ معاشرہ نفرت کی آگ میں جلتا رہے، قتل و غارت گری کا بازار گرم رہے۔ ان کے فتووں کی رونق قائم رہے اس لئے تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں یہ لوگ اپنے منفی نظریات کا تیل چھڑکتے رہتے ہیں۔ وہ گذشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر الحاج علامہ امداد اللہ خان، علامہ میر آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ محمد اصغر صدیقی، مولانا محمد رفیق رندھاوا، علامہ ممتاز قادری اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔

سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ فتنہ پرور ملا انسانیت کے قتل سے بھی گھناؤنے فعل فتنہ کو پھیلانے کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اسلام کی حقیقی تعلیمات سے ان کا کردار رتی برابر میل نہیں کھاتا۔ منہاج القرآن علماء کونسل پورے ملک میں ایک باوقار وجود رکھتی ہے اور معاشرے میں انتہا پسندانہ، متشدد اور ناہموار رویوں کے خلاف اس نے موثر کردار ادا کیا ہے۔ دین مبین کی امن، سلامتی، بقائے باہمی اور محبت پر مبنی تعلیمات کے فروغ میں ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل ہمیشہ کی طرح اپنا فرض منصبی سمجھتی ہے کہ ملاؤں کے ایسے ٹولے کو لگام ڈالی جائے تا کہ وہ معاشرے کے امن سے نہ کھیل سکیں۔

ہم آج میڈیا کے معزز نمائندگان کی موجودگی میں ایسے فتنہ پرور، متشدد ذہنیت کے حامل ملاؤں اور ان کے سیاسی آقاؤں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ان مذموم حرکات سے باز آ جائیں ورنہ منہاج القرآن علماء کونسل پورے ملک میں ایسے علماء سوکے خلاف ملک گیر پلان کا اعلان کر کے ان کا محاسبہ کرے گی۔ قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جس کے بعد انہیں چھُپنے کی جگہ بھی نہ مل سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ایسے جاہل اور مفاد پرست ٹولے کی حقیقت سے آگاہ ہیں جو چند ٹکوں کی خاطر فتویٰ بیچتے رہتے ہیں اور پس پردہ قوتوں کے آلہ کار بن کر اپنا ضمیر، غیرت اور ایمان بیچنے سے بھی نہیں چوکتے۔ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اسلام کے امن و سلامتی کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ایسے منفی رویے جہاں بھی ہوں گے ان کی بیخ کنی کیلئے کردار ادا کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top