تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی (ص)

تحریک منہاج القرآن شیخوپورہ کے زیراہتمام پانچویں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مورخہ یکم اکتوبر بروز ہفتہ 2011ء کو جامع مسجد مدینہ گاؤں واڑہ امام دین شرقی میں منعقد ہوئی۔ محفل کی صدارت قاری محمد احمد رضا رضوی نے کی جبکہ صاحبزادہ طاہر محمود رضوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ علاوہ ازیں علاقہ کی اہم مذہبی و سیاسی شخصیات نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

نماز عشاء کے بعد محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد امجد نے حاصل کی جبکہ لاہور سے خصوصی طور پر تشریف لائے نعت خواں محمد اشفاق نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ علاوہ ازیں محمد فریاد محمود قادری اور شیخوپورہ کے ممتاز ثناء خوان محمد عمر مرتضیٰ فریدی نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کی۔ نقابت کے فرائض منہاج یونیورسٹی لاہور کے نوجوان سکالر حافظ عمیر وقاص نے سرانجام دیئے۔

عظیم الشان محفل کے انعقاد میں تحریک منہاج القرآن واڑہ امام دین شرقی کے جملہ عہدیداران اور کارکنان نے بھرپور تعاون کیا اور اپنی ذمہ داریاں بااحسن انداز میں سرانجام دیں جکبہ صدر تحریک منہاج القرآن واڑہ امام دین شرقی رانا تجمل خاں نے جملہ امور کی نگرانی کی اور تمام انتظامات کو بروقت حتمی شکل دی۔ مسجد کے ہال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور رنگ برنگی روشنیوں سے مسجد کو بھی منور کیا گیا تھا۔

ْ

محفل میلاد میں خصوصی خطاب مرکزی نائب ناظم دعوت منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ محمد شکیل ثانی نے کیا۔ انہوں نے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر مدلل دلائل کے ساتھ جامع خطا ب فرمایا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فرزندان توحید کے موجودہ ناگفتہ بہ حالات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور ان سے چھٹکارا پانے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خصوصی پیغام سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن کی عالمی سطح پر خدمات اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی امن کیلئے خدمات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔

شرکائے محفل نے علامہ محمد شکیل ثانی کے خطاب کو بے حد سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں علامہ محمد احمد رضا رضوی نے جملہ مہمانان گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ محفل کے اختتام پر نمایاں خدمات سرانجام دینے والے احباب علامہ محمد احمد رضا قادری، میاں محمد اشاد اور محمد ذیشان ارشد میں خصوصی سرٹیفکیٹ اور حاضرین میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معرکہ آرا تصانیف تقسیم کی گئیں، حاضرین کیلئے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ محفل کا اختتام درود و سلام اور خصوصی دُعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top