ہائی کمشنر کینیڈا راس ھائینز کی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے ملاقات

راس ھائینز نے بین المذاہب روداری اور امن عالم کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی نتیجہ خیز کاوشوں کو سراہا

کینیڈا کے ہائی کمشنر راس ھائینز (Ross Hynes) نے گذ شتہ روز تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، سیکنڈ سیکرٹری (پولیٹیکل) انڈریو نگ (Andrew Ng) بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نائب امیر تحریک بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، پرنسپل سیکرٹری ٹو ڈاکٹر طاہر القادری جی ایم ملک، ڈائریکٹر امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

راس ھائینز نے بین المذاہب رواداری کے فروغ، نفرت، عدم برداشت کے رویوں، دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی امن کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی نتیجہ خیز کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ دنیا ان کے کام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد دنیا میں قیام امن کیلئے یقینا سنگ میل ثابت ہو گی۔

ہائی کمشنر کینیڈا راس ھائینز نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ECOSOC کا ممبر بننا یقیناً تحریک منہاج القرآن کی عالمی سطح پر کی جانیوالی ہمہ جہت خدمات کا اعتراف ہے جس پر تحریک منہاج القرآن مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے شعبوں کا وزٹ بھی کیا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹررحیق احمد عباسی نے راس ھائینز کو تحریک منہاج القرآن کی بین الاقوامی سرگرمیوں اور اسکے مختلف شعبہ جات اور فورمز کا تفصیلی تعارف کرایا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ امت مسلمہ کی غالب اکثریت امن پسند ہے مگر متحرک نہیں، جبکہ مٹھی بھر دہشت گرد انتہائی سرگرم ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے تاریخی فتویٰ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فکری رہنمائی دینے کیلئے ان کی عملی کاوشوں کے تسلسل نے ویمبلے ایرینا میں ہونیوالی "امن برائے انسانیت" کانفرنس میں UK بھر سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے 11000 امن پسندوں کو ایک چھت تلے جمع کر دیا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اب دنیا بھر کے امن پسند متحرک ہو رہے ہیں اور یہ تحریک منہاج القرآن کا اعزاز ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top