گوجرہ میں عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد

تحریک منہاج القرآن 370 ج۔ ب طارق آباد گوجرہ کے زیراہتمام 40 روزہ عرفان القرآن کورس کا اہتمام کیا گیا، جس کی اختتامی تقریب 20 ستمبر 2011ء کو منعقد ہوئی۔ عرفان القرآن کورس محمود احمد کی رہائش گاہ پر کروایا گیا جس میں دارالعلوم نوریہ رضویہ فیصل آباد کی فاضلہ محترمہ ماریہ مشتاق فاضلہ نے تدریس کے فرائض سرانجام دئیے۔ عرفان القرآن کورس میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی، جنہیں جدید اور آسان فہم انداز میں قرآن پاک کی تعلیم دی گئی۔ اس کے علاوہ کورس میں مسنون قرآنی دعاؤں اور تجوید و قرآت پر خصوصی توجہ دی گئی۔

کورس کی اختتامی تقریب میں مرکزی ناظمہ طالبات نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تمام طالبات کو کورس کی اہمیت پر بریفنگ دی۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے طالبات کے لیے اسے نہایت مفید قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے کورسز کا مزید بھی انعقاد ہونا چاہیے۔ صدر اور ناظمہ ویمن لیگ گوجرہ نے ویمن لیگ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی اور طالبات کو ویمن لیگ میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔

اس کورس کی اختتامی تقریب کے بعد علامہ سہیل شاہ صدر علماء کونسل گوجرہ نے بھی مدلل خطاب بھی کیا۔ حافظ رب نواز نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے عرفان القرآن کورس پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں علامہ محمد شریف کمالوی نے اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منہاج القرآن کی مرکزی نظامت تربیت عرفان القرآن کورسز کا ملک بھر میں جال بچھا رہی ہے۔ جس کا مقصد نوجوان نسل کو بالخصوص اور عامۃ الناس کو بالعموم قرآنی تعلیمات سے آگاہی دینا ہے۔ ایسے کورس نوجوانوں میں بہت تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ جس کی اہم وجہ ان کورسز کا آسان فہم طریقہ تدریس ہے۔

کورس کے اختتام پر تمام طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ اس تقریب کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top