ایم ایس ایم کے 17ویں یوم تاسیس کے موقع پر چکوال میں بیداری شعور طلباء کنونشن

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے17ویں یوم تاسیس کے موقع پر MSM چکوال کے زیراہتمام بیداری شعور طلباء کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت عبدالعمار مُنعم ضلعی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چکوال نے کی۔ اس موقع پر جب عبدالعمار مُنعم طلباء کے جھرمٹ میں پنڈال میں پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چکوال توفیق عباس نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چکوال کی طرف سے تمام شرکاء کو MSM کے 17ویں یوم تاسیس کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آج ہم اپنے عظیم قائد سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں کہ سفر انقلاب میں MSM چکوال ہراول دستے کے طور پر سامنے ہو گی اور ہمارا جینا مرنا مصطفوی مشن کیلئے ہو گا۔ اس موقع پر MSM بیداری شعور کا مختصر تعارف محمد اسلان قادری (جنرل سیکرٹری MSM) نے پیش کیا۔

بیداری شعور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن چکوال نے کہا کہ 30 برس قبل لاہور سے شروع ہونے والی تحریک منہاج القرآن آج عالم اسلام کی سب سے بڑی اور موثر تحریک بن چکی ہے۔ تجدید و احیائے دین اور اقامت دین کی اس عالم گیر تحریک کا وجود 5 براعظموں تک پھیل چکا ہے اور اسلام کی حقیقی تعلیمات جو امن و سلامتی اور فلاح پر مبنی ہیں کے پھیلاؤ میں تحریک منہاج القرآن کا کردار تاریخی نوعیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجدید و احیائے دین کی اس عالم گیر تحریک کے اثرات اگلی کئی صدیوں پر محیط ہوں گے۔ تحریک منہاج القرآن نے امت کے منتشر شیرازے کو متحد کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کلی بگاڑ کا شکار ہے اس لیے تحریک کا کردار بھی ہمہ جہت ہے اور پوری دنیا میں اسلام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم ان شاء اللہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ساتھ ہیں اور 19 نومبر کو لاہور کی سر زمین پر ہونے والے عظیم الشان بیداری شعور طلبہ اجتماع میں ہر سطح پر تعاون کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہیں۔

بیداری شعور طلبہ کنونشن سے ضلعی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چکوال عبدالعمار مُنعم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اور نوجوانوں کا اسلحہ بندوق نہیں کتاب ہے طلباء اپنے ترکش میں علم کے تیر رکھیں کیونکہ اس سے بڑی طاقت دنیا میں کوئی نہیں۔ طلباء اور نوجوان محبت، امن اور علم کو اپنا مشن بنالیں۔ علم نافع حاصل کریں یہ دنیا و آخرت دونوں میں سرخروئی کا باعث بنے گا۔ انھوں نے کہا کہ جو طلباء علم، عمل اور کردار میں پختگی پیدا کریں گے وہی آسمان عزت پر چمکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اپنے من کی دنیا میں امن پیدا کریں جب باطن امن سے معمور ہو جائے گا تو معاشرے میں امن کے رویے پروان چڑھنا شروع ہو جائیں گے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان تقویٰ، عبادت اور اخلاص اختیار کریں۔ امن اور محبت کے کلچر کو معاشرے میں فروغ دینے پر محنت کریں، علم اور عمل میں پختہ ہو جائیں اور محبت کی تلوار سے نفرت کے رویوں کو کچل دیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان وطن عزیز کا سرمایہ ہیں اور کل کا پاکستان آج کے نوجوانوں کے سپرد ہوگا۔ نوجوان قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے علم کے حصول کے ساتھ ساتھ عملی زندگی میں پروفیشنل ازم کے کلچر کو عام کریں۔ جس میدان کو بھی منتخب کریں اس میں کمال حاصل کریں۔ مستقبل ان نوجوانوں کا ہے جو کردار میں پختگی اور علم میں کمال رکھتے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسے ہوئے مفلوک الحال طبقے کے لیے فلاحی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے میں نوجوان کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چکوال سے مصطفوی کارکن 19 نومبر کو لاہور میں ہونے والے (اک عزم کریں، اک کام کریں مستحکم پاکستان کریں) بیداری شعور طلباء میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ یہ پروگرام پنجاب یونیورسٹی ناصر باغ میں منعقد ہو گا جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے۔

پروگرام کے اختتام پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چکوال کی نئی تنظیم سازی کی گئی جس کے مطابق سپریم ہیڈ توفیق عباس، پریذیڈنٹ محمد ارسلان، جنر ل سیکرٹری دانیال مصطفوی، سینئروائس پریذیڈنٹ ذیشان مشتاق، وائس پریذیڈنٹ حافظ سراج منیر، سکرٹری حلقہ درودوفکر نعیم طارق، سکرٹری دعوت و تربیت محمد ذیشان طارق، سکرٹری ممبر شپ محبوب خالد، سیکرٹری سپورٹس عدنان مسعود، سیکرٹری فنانس وقار یونس، سیکرٹری انفارمیشن محمد آصف جبکہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کا لج چکوال کی تنظیم سازی کے مطابق پریذیڈنٹ محمد کلیم، جنرل سیکرٹری حسیب عالم، سکرٹری انفارمیشن محمد اسلان شوکت، اور سویڈیش ٹیکنیکل کالج چکوال کی تنظیم کے مطابق پریذیڈنٹ وقار یوسف، جنرل سیکرٹری محمد سفیان اور یونٹ 1 کی تنظیم سازی کے مطابق پریذیڈنٹ غلام رنانی، جنرل سیکرٹری محمد تصور کو منتخب کیا گیا۔ کنونشن کے اختتام پر یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی ترقی اور بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

رپورٹ: محمد ضمیر مصطفوی مرکزی سیکرٹری میڈیا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top