ڈگری کا حصول مال کمانے کے لیے ہو تو معاشرے تباہی سے دوچار ہو جاتے ہیں

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو جو سو علیگڑھ دینے کا وعدہ کیا ہے وہ ان شاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہوگا
منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے بلاشبہ انتہا پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں
منہاج کالج فار ویمن کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم قوموں کو عروج کی طرف لے جاتی ہے، مگر اس کے لیے کردار سازی ضروری ہے جو تربیت کے بغیر ممکن نہیں، بامقصد علم ہی منزل تک پہنچاتا ہے۔ ڈگری کا حصول مال کمانے کے لیے ہو تو معاشرے تباہی سے دوچار ہوجاتے ہیں۔ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کرنے والے جاہل نہیں تعلیم یافتہ ہیں۔ تعلیم تربیت سے خالی ہو تو معاشرے مادیت کی نظر ہو جاتے ہیں۔ علم نافع کا حصول مقصد ہو تو معاشرے اعلیٰ اخلاق کا نمونہ بنتے ہیں اور تنگ نظری، انتہا پسندی کے رویے رخت سفر باندھ دلیتے ہیں۔ انسانیت، امت اور ملک و قوم کو فائدہ پہنچانے کے لیے زندہ رہنا مسلمانوں کا مقصد ہونا چاہیے۔ آج مغرب کو گالی دینے والے اپنے اور ان کے اخلاق کا موازنہ کرلیں۔ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے مستقبل کے لیے ایسی نسل تیار کر رہے ہیں جن کا مقصد امت کے زوال کو عروج میں بدلنا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کے ذریعے عوام کا شعور بیدار کررہی ہے جو بالآخر ملک میں مثبت تبدیلی پر منتج ہوگیا اور کرپٹ لوگوں کے لیے اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ہو گی۔ وہ منہاج کالج فار ویمن کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پرنسپل فرح ناز، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر علی محمد، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، سینئر صحافی عارفہ صبح خان، جی ایم ملک، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی اور دیگر پروفیسرز صاحبان بھی موجود تھے۔

پرنسپل فرح ناز نے کہا کہ کالج کا رزلٹ سو فیصد رہا ہے جو ادارے کے اعلیٰ تعلیمی معیار پر دلالت کرتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو جو سو علیگڑھ دینے کا وعدہ کیا ہے وہ ان شاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔

سینئر صحافی عارفہ صبح خان نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے بغیر آج کے دور میں آگے بڑھنا اک دیوانے کا خواب ہی ہوگا۔ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے بلاشبہ انتہا پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی نظم کے چند اشعار اور دو قطعات بھی سنائے، طالبات نے تالیاں بجا کر داد دی۔

وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر علی محمد نے کہا کہ اگر ہم تعلیمی میدان میں پیچھے نہ ہوں تو جاہل اور لٹیرے کبھی ووٹ حاصل نہ کرسکیں۔ اگر ہم واقعی آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو شرح خواندگی کو سو فیصد کرنا ہوگا اور اعلیٰ تعلیم کے دروازے نوجوان نسل کے لیے کھولنا ہوں گے۔

تقریب میں بچیوں نے نعت، کلام اقبال اور ملی نغمے بھی پیش کیے۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پوزیشن لینے والی طالبات اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کی بزم طالبات کی نو منتخب اراکین سے حلف بھی لیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top