منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اس سال اجتماعی قربانی کی تیاری آخری مراحل میں
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے کہا ہے کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پورے ملک میں اجتماعی قربانی کیلئے بڑے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں اور پورے ملک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 250 سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ 125 مقامات پر مرکزی سطح سے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ بغداد ٹاؤن لاہور میں قائم مرکزی قربان گاہ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قربانی مہم کے سربراہ رانا فیاض احمد خان، جواد حامد، افضال غوث، محمداحمد معین، خرم شہزاد، حاجی الیاس، ملک شمیم و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی قربان گاہ پر اس سال 3 ہزار سے زائد جانور ذبح کیے جائیں گے جن کا گوشت غرباء و مساکین میں تقسیم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 50 فیصد اجتماعی قربانی کا اہتمام سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں کیا جارہا ہے۔
افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ اس سال منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے تنظیمات کو دو لاکھ کھالیں جمع کرنے کا ہدف دیا ہے جسکی آمدن 500 بے سہارا و یتیم بچوں کیلئے مختص کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال دو ماہ قبل قربانی مہم کی تیاریاں شروع کی گئی تھیں جس کے لیے 35 سے زائد کمیٹیاں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کمیٹی نے اپنے ٹارگٹ کے مطابق گائے، بکروں اور چھتروں کی بڑی تعداد کی خریداری مکمل کرلی ہے۔
افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات کیلئے کھالوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد جمع کرنے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ انہوں نے قربانی کرنے والے احباب سے اپیل کی ہے کہ وہ 500 یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کیلئے کھالیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال صرف لاہور میں 30 ہزار مستحق گھرانوں تک گوشت پہنچانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تبصرہ