اجتماعی قربانی 150 سے زائد شہروں میں ہوگی، 6500 گائے، دنبے، اور بکر ے قربان کیے جائیں گے
ملک بھر سے دو (2) لاکھ کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے سینکڑوں کیمپ
لگائے جائیں گے
ڈائریکٹر منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری کی قربانی مہم کے سلسلے میں تشکیل
دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار بخاری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی آفس ماڈل ٹاؤن میں قربانی مہم کے سلسلے میں تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی مرکزی سطح پر لاہور میں اور چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں اجتماعی قربانی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور اس مرتبہ اجتماعی قربانی تحصیلی سطح تک بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6500 سو سے زائد جانور جن میں گائے، دنبے اور بکرے شامل ہیں قربان کیے جائیں گے۔ عید الاضحی پر ذبح کئے جانیوالے جانوروں کے گوشت کا پچاس فی صد سندھ کے متاثرین سیلاب میں تقسیم کیا جائے گا جبکہ تحریک منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان پورے ملک میں غرباء میں گوشت تقسیم کریں گے۔ اس موقع پر رانا فیاض، جواد حامد، ساجد محمود بھٹی، عاقل ملک، میاں طاہر یعقوب اور احمد نواز انجم بھی موجود تھے۔
افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ ملک کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے مریضوں میں کھانا تقسیم کیا جائے گا۔ لاہور کے جن ہسپتالوں میں کھانا اور گوشت تقسیم کیا جائے گا ان میں جناح، گنگا رام، میو، جنرل اور گلاب دیوی ہسپتال شامل ہیں جبکہ لاہور کے مختلف آرفن ہومز میں بھی گوشت اور کھانا بھجوایا جائے گا۔ علاوہ ازیں ملک بھر کی جیلوں میں بند قیدیوں میں بھی کھانا اور گوشت تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح صوبہ سندھ اور دیگر علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں میں بھی گوشت کی تقسیم کی جائے گی۔
افتخار بخاری نے کہا کہ ملک بھر میں قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے ہزاروں کیمپ لگائے جائیں گے اور لاہور میں اس مقصد کے لیے 300 سے زائد کیمپ لگائے جائیں گے اور تحریک کے کار کن گھر گھر جاکر کھالیں اکٹھی کریں گے۔ افتخار بخاری نے کہا کہ کھالوں سے ہونے والی آمدن منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے یتیم و بے سہارا بچوں کی تعلیم وتریبت، رہائش کے ادارے آغوش، یتیم و بے سہارا بچیوں کے ادارے بیت الزہرا اجتماعی شادیوں اور دیگر فلاحی، تعلیمی و صحت کے منصوبہ جات پر خرچ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ دو (2) لاکھ کھالیں اکٹھی کرنے کا ہدف تنظیمات کو دیا گیا ہے جسے ان شاء اللہ حاصل کرلیا جائے گا۔ قربانی مہم کے لیے مرکزی سطح پر 35 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ جس کے سربراہ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن رانا فیاض احمد ہونگے جبکہ دیگر ممبران میں ساجد محمود بھٹی، ارشاد احمد طاہر، جواد حامد، عاقل ملک، احمد معین ودیگر شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تنظیمات کو دیے گئے ہدف اور ان کے حصول کوممکن بنانے کے لیے مرکزی کھال کولیکشن کمیٹی کے تحت سب کمیٹیاں سرگرم ہوچکی ہیں اوردو (2)لاکھ کھالوں کے ہدف سے زیادہ کھالیں اکٹھی ہوجائیں گی۔ کار کنوں نے مختلف شہروں میں کیمپ لگانے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر میں 150 سے زائد شہروں میں اجتماعی قربانی کی جارہی ہے۔ پنجاب کے 67 صوبہ سرحد کے 25 اندرون سندھ 30 کراچی 12 اور بلوچستان 10 کشمیر اور شمالی علاقہ جات کے 12 شہروں میں اجتماعی قربانی کی جائے گی۔
تبصرہ