حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اور انفاق فی سبیل اللہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے: علامہ شمس الرحمن آسی

برنلے(ابو ابراہیم) حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا شماران خوش نصیب ہستیوں میں ہوتا ہے جن سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمیشہ راضی رہے اور آپ رضی اللہ عنہ کا مال اسلام اور مسلمانوں کے لئے پوری زندگی وقف رہا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اسلام کے لئے دوبار ہجرت کی، ایک بار حبشہ کی طرف جبکہ دوسری بار مدینہ منورہ کی طرف، ساتھ ہی آپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ نے قرآن پاک کو لغت میں جمع کیا۔ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شرم وحیاء اور سخاوت و دریا دلی بہت مشہور ہے۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن برنلے کے ڈائریکٹر علامہ شمس الرحمان آسی نے منہاج ایجوکیشن سنٹر میں یوم عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت کے حوالہ سے منعقدہ ایک محفل کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ خلیفہ سوم نے اپنے مال سے اسلام اور مسلمانوں کو بہت نقصان پہنچایااور انہوں نے کئی بار جنت کی بشارت حاصل کی۔ آپ نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا مال ودولت اسلام اور مسلمانوں کے لئے وقف کر دیا۔انہوں نے کہا کہ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ دنیا کی وہ واحد شخصیت ہیں جن کو ذوالنورین کا لقب عطا ہوا کہ آپ کے سواکسی بھی شخص کے نکاح میں یکے بعد دیگرے کسی نبی کی دو صاحبزادیاں نہیں آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے راہنماؤں کیلئے بالخصوص اور عوام کے لئے بالعموم حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی زندگی مشعل راہ ہے، آپ رضی اللہ عنہ نے تقویٰ کی دولت حاصل کی اور اسی دولت کو اپنے دور خلافت میں دنیا تک پہنچاتے رہے۔ آپ نے مسند خلافت پر بیٹھتے ہی جو پہلا خطبہ ارشاد فرمایا اس کا ایک ایک لفظ تقویٰ و خشیت الٰہی سے لبریزتھا۔ آپ نے فرمایا کہ لوگو! جو لوگ گذرگئے ہیں ان سے عبرت حاصل کرو اور سعی و جدوجہد کرتے رہو، غفلت نہ برتو کیونکہ تم سے غفلت نہ برتی جائے گی، پھر فرمایاکہ کہاں ہیں وہ دنیا والے جنہوں نے دنیا کو آخرت پر ترجیح دی، اسے آباد رکھا اور اس سے ایک مدت تک فائدہ حاصل کرتے رہے۔ علامہ شمس الرحمن سے آخر میں کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کے ساتھ محبت وعقیدت رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے نقش قدم پر چلنے کی بھی کوشش کرنی چاہیئے تاکہ ہم اپنی زندگی کے ہر شعبہ میں اپنے دین کو عملی طور پر نافذ کر سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top