ملک بچانے کیلئے قوم انتخابی نظام کے خلاف بغاوت کر دے۔ ڈاکٹر طاہر القادری

ابھی صرف طلبہ کو کال دی ہے قوم کو مینار پاکستان کی کال بھی دونگا
وقت آنے پر ملک میں آ کر عوامی انقلاب کی قیادت کروں گا، تبدیلی نہ فوج لائے گی اور نہ موجودہ انتخابی نظام
سپریم کورٹ فیصلے دینے میں آزاد ہے مگر عمل درآمد کرانے میں مقید
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سالانہ بیداری شعور طلبہ اجتماع میں شریک ایک لاکھ طلبہ و طالبات سے ناصر باغ میں خطاب

ناصر باغ میں ہونیوالے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سالانہ بیداری شعور طلباء اجتماع میں ملک بھر سے ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، عدم انصاف، فرسودہ نظام تعلیم اور موجودہ استحصالی انتخابی نظام کے خلاف ملک بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے بھر پور شرکت کر کے مقتدر طبقوں کو یہ پیغام دیا کہ اب وطن عزیز کے طلبہ اور نوجوان ملک بچانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی تبدیلی کیلئے طلبہ اور نوجوانوں نے وہی کردار ادا کرنا ہے جو تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی دشمن سیاسی و مذہبی جماعتیں نہیں بلکہ ظالمانہ انتخابی نظام ہے جس نے ملک کے کروڑوں غریب عوام کو حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ ملک بچانے کیلئے قوم انتخابی نظام کے خلاف بغاوت کر دے۔ ابھی صرف طلبہ کو کال دی ہے قوم کو مینار پاکستان کی کال بھی دونگا اور وقت آنے پر ملک میں آ کر عوامی انقلاب کی قیادت کروں گا۔ تبدیلی نہ فوج لائے گی اور نہ موجودہ انتخابی نظام، تبدیلی سسٹم سے بغاوت کرنے سے آئے گی۔ سپریم کورٹ فیصلے دینے میں آزاد ہے مگر عمل درآمد کرانے میں مقید ہے۔ ایک وقت میں تو سپریم کورٹ پر حملے بھی ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ کروڑوں روپے سے قومی اسمبلی کے ایک حلقے کا الیکشن لڑا جاتا ہے اس لئے ایسے لوگ قوم کی کیا خدمت کریں گے؟مخصوص خاندانوں کی حلقوں میں اجارہ داریاں ہیں۔ یہاں فراڈ سے اسمبلی تک پہنچنے کا نام جمہوریت ہے۔ موجودہ نظام کے تحت منتخب ہونے والوں نے اس قوم کو خودکشیاں، بیروزگاری اور ملک و قوم کے وقار کی بربادی دی ہے۔ اس ملک کی نہ کوئی خارجہ پالیسی ہے نہ داخلہ ہماری خود مختاری کو گرہن لگ چکا ہے۔ مغرب میں 2 پارٹی سسٹم اس لئے کامیاب ہے کہ وہاں مواخذے کا نظام سخت ہے مگر ہمارا الیکشن کمیشن تو نابینا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام میں ووٹر کی رائے کا احترام نہیں ہے۔ سیاسی جماعتوں کے کلچر میں منشور اور جمہوری روح موجود نہیں ہے۔ یہاں مقتدر طبقہ عوام کے ووٹ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرونی ممالک کی کالونی بنا دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کل بھی ربڑ سٹیمپ تھی آج بھی وہی حال ہے۔ ایک ایشو پکڑ کر سیاست کا گھنائونا کھیل اس لئے کھیلا جاتا ہے کہ موجودہ نظام اسے سپورٹ کرتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ آج طلبہ اور نوجوان ملک میں تبدیلی کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب اس ملک کا مقدر بنے گا۔ آج لاہور کی شاہرائیں اور ناصر باغ کی ہوائیں مستقبل قریب میں آنے والی تبدیلی کی گواہ بن گئی ہیں۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں ملک کے طلبہ اور نوجوان متحد ہیں ان کی ایک کال پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اجتماع میں مرکزی امیر فیض الرحمن درانی، سنئیر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، مرکزی نائب صدر چوہدری عرفان یوسف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ضمیر مصطفوی، صوبائی صدر سندھ بشیر مصطفوی، صوبائی صدر خیبر پختونخواہ اسد اللہ الازہری، صدر آزاد کشمیر عمیر مصطفوی، صدر بلوچستان نبی بخش سنجرانی، سیکرٹری جنرل عبد الغفار مصطفوی اور صدرگلگت بلتستان چوہدری بابر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top