تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام مورخہ 31 دسمبر 2011ء کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، ملک بھر میں ہونے والی بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور جان لیوا مہنگائی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مظاہرہ کے دوران احتجاجی کتبے اُٹھا رکھے تھے اور عوامی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری، ناظم انجینئر محمد رفیق نجم، رانا نثار احمد شہزاد، رانا غضنفر علی، میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، اللہ رکھا نعیم و دیگر قائدین نے کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ حکومت کی چار سالہ دور اقتدار میں 97 فیصد عوام سے لقمہ چھیننے کی پالیسیاں جاری ہیں اور غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے جبکہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی روش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت توانائی کے بحران کو شدید کرنے کی ذمہ دارہے۔ گیس اور بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ بے روزگاری اور مہنگائی کے گراف کو توانائی کے بحران نے بڑھا دیا ہے۔ عوام بھوک سے خودکشیاں کررہے ہیں مگر حکومت کے کان پر جو تک نہیں رینگ رہی۔ حکومت کو اقتدار کی ڈبوتی کشتی بچانے کی فکر ہے اور وہ اپنی تمام تر توانائیاں اسی پر صرف کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کا سبب اصل میں قیادت کا بحران ہے۔ پارلیمنٹ دو فیصد طبقے کے حقوق کی محافظ ہے۔ عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اس لئے موجودہ انتخابی نظام کو سمندر برد کرنا ہوگا جس نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

ناظم تحریک فیصل آباد انجینئر رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدور کش، گیس لوڈشیڈنگ اور بجلی کی کمی جس سے ملک کی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ان صنعتوں سے منسلک لاکھوں مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔ لاکھوں مزدوروں کے بچے بھوک اور غربت کے ہاتھوں مجبور زندگی گزار رہے ہیں۔ غیر اعلانیہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ طلبہ جو ملک کا مستقبل ہوتے ہیں ان کی تعلیم کا حرج کرکے حکومت مستقبل بھی تاریک کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریک دور میں امید کا شمع جلانے کے لئے مزدوروں، کسانوں، طلب، وکلاء، تاجر اور غریبوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اپنے ہی ملک کی پیداوار گیس اور بجلی ہمارے لئے ایمرجنسی کا روپ دھار چکی ہے۔

مظاہرے کے شرکاء نے حکومت کے غریب کش اقدامات کے خلاف قرارداد مذمت منظور کی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کو مسترد کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top