منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے زیراہتمام تیسرا سالانہ کرسمس سیمینار

منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے زیراہتمام مورخہ 18 دسمبر 2011ء کو منہاج القرآن کمیونٹی سنٹر ریندی میں منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان نے اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے کرسمس سیمینار کا انعقاد کیا۔ منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے زیراہتمام کرسمس کا یہ تیسرا سیمینار تھا، سیمینار میں پاکستانی کمیونٹی، بزنس کمیونٹی اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نے شرکت کی۔ نیکیا اور ریندی کے میئر یورگو یوکو میدس نے خصوصی طور پر سیمینار میں شرکت کر کے اپنا محبت بھرا پیغام ریکارڈ کرایا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفی نے حاصل کی جبکہ آقائے علیہ الصلوۃ والسلام کی مدح سرائی کی سعادت اکاشہ امجد نے حاصل کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید محمد جمیل شاہ (صدر MPIC یونان) نے انجام دیئے۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت کے بعد پاکستانی بچوں نے گریکی زبان میں کرسمس کی نظم پیش کی اور ننھے بچے آدم نے گریکی زبان میں تقریر کی۔ اس کے بعد سٹیج سیکرٹری نے مہمانوں کو باری باری خیالات کے اظہار کے لئے دعوت دی جن میں راجہ مجاہد جرال (صدر کشمیر ویلفیئر)، بزنس کمیونٹی کے میاں محمد یونس، سینئر صحافی احسان اللہ خان، گریک میڈیکل کونسل کے ممبر ڈاکٹر سید تنویر اختر، براق ٹریول، یورو فوٹو کے ایم ڈی مبشر احسن وڑائچ، وینس ٹی وی یونان کے پروڈیوسر ابراہیم فیض، منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے ناظم غلام مرتضی قادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر رانا وقار خان، پبلک آڈر منسٹری کے نمائندہ بریگیڈیئر چومارس نیکوس اور صدر ایمیگریشن کونسل یونین گریس کولوہانی دنیال کے نام شامل ہیں۔ تمام احباب نے منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے کام کو سراہا اور شکریہ اد ا کیا جس نے دونوں معاشروں اور مذاہب کو اکٹھے بیٹھنے کا موقع دیا۔

سیمینار کو کامیاب بنانے میں منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کی پوری ٹیم نے اپنا بھر پور کردار اد اکیا جن میں مرزا امجد جان اور چودھری محمد اسلم نمایاں ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے صدر سید محمد جمیل شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیمینار میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی دعا منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے ناظم غلام مرتضی قادری نے کرائی۔ سیمینار کے اختتا م پر مہمانوں کی تواضع کی گئی جس کا اہتمام عامر علی قادری نے کیا تھا۔

رپورٹ: محمد طیب

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top