قصور میں آئیں دین سیکھیں کورس کی تعارفی کلاس

تحریک منہاج القرآن قصور کے زیراہتمام 25 دسمبر 2011ء بروز اتوار بابا بلھے شاہ بلدیہ ہال قصور میں ورکرز کنونشن اور آئیں دین سیکھیں کورس کی بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں تحصیل قصور سے تمام عہدیداران اور کارکنان تحریک منہاج القرآن نے شرکت کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن علماء کونسل کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ کیثر علماء وکلا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔ خصوصی طور پر مرکز سے بشیر خان لودھی نائب امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب، علامہ محمد شریف کمالوی ناظم آئیں دین سیکھیں کورس نے پروگرام میں شرکت کی جبکہ محمد یونس کاشانی صدر تحریک منہاج القرآن قصور، محمد صدیق مغل سابق ناظم صدر قصور، قیصر محمود گل آف کھڈیاں اور علامہ سیف الرحمن قادری پرنسپل منہاج اسلامک سنٹر کھڈیاں ساور منہاج ماڈل سکول کے سٹاف وطلبہ نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد تحریکی ترانے پڑھے گئے۔ بعد ازاں محمد شریف کمالوی نے لفظ تحریک منہاج القرآن پر مدلل لیکچر دیا اور ساتھ ساتھ آئیں دین سیکھیں کورس کا تعارف پیش کیا۔ انہوں بتایا کہ منہاج القرآن کا معنی ہے قرآن کا راستہ۔ ہم لوگ قرآن کے راستے والی تحریک کاحصہ ہیں اور ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم خود قرآن سیکھیں اور قرآن کی درست تعلیمات آگے عوام الناس تک پہنچائیں۔

نائب امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب بشیر خان لودھی نے تحریکی ذمہ داریوں کے لحاظ سے بریفنگ دی اور کہا کہ ہر بندے کو اپنی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق میں برکت ہے اس لیے ہم سب مل کر اور اتفاق کے ساتھ اس تحریک میں اپنا اپنا کام کریں تاکہ جو خواب حضور شیخ الاسلام نے دیکھا ہے اس کو تعبیر کیا جاسکے اور پاکستان کا مقدر مصطفوی انقلاب کے ساتھ بدلا جاسکے۔

آخر پر محمد یونس کاشانی نے مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔ تقریب کے اختتام پرسب نے مل کر درودوسلام کا نذرانہ آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں پیش کیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

رپورٹ: عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top