کرپٹ نظام انتخاب اور طرزِ سیاست سے تبدیلی ممکن نہیں(منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ)

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کی جنرل کونسل کا سالانہ اجلاس مورخہ 06 جنوری 2012ء کو بریڈ فورڈ میں منعقد ہوا جس میں برطانیہ بھر سے منہاج القرآن کے عہدیداران، رفقاء اور وابستگان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت برطانیہ کے نامور صحافی اور منہاج القرآن برطانیہ کے امیر ظہور احمد نیازی نے کی۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ محمد افضل سعیدی نے کہا کہ جس قوم کے سیاسی لیڈر ہی ایک حمام میں ننگے ناچ رہے ہوں تو وہاں اس قوم کی شرم و حیا اور غیرت کا جنازہ نکل جاتا ہے اور نتیجتاً کرپشن اور نااہلی ایک زلزلے کی صورت میں ہر طرف تباہی و بربادی پھیلاتی چلی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسے نظام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ برطانیہ اور یورپ بھر میں بسنے والے محبانِ پاکستان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحب کے عزم اور فکر و فلسفہ کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ہی وہ تحریک ہے جس کے پاس متبادل نظامِ معیشت اپنی پوری جزئیات کے ساتھ قوم کی راہنمائی کے لئے موجود ہے۔ انقلابی اور باغی صرف وہ ہے جو موجودہ کرپٹ نظامِ انتخاب اور طرزِسیاست کو تبدیل کرنے کی بات کرے اور جس کی اپنی ذات، کردار اور بودوباش میں انقلاب کی تصویر جھلکتی ہو، جس کا وہ نعرہ لگاتا ہے ۔ حقیقی تبدیلی کا صرف یہی ایک راستہ ہے کہ موجودہ کرپٹ سیاسی نظام اور طریقۂ انتخاب کو یکسر مسترد کر کے آئین اور ملک بچایا جائے۔ ورنہ تبدیلی کے محض کھوکھلے نعرے اس قوم کے ساتھ کھلا دھوکہ و فریب ہے۔ آج جس کی گفتار سے پیار و محبت اور عمل سے حکمت و برداشت کے پھول جھڑتے ہوں، صرف وہی انقلاب کا سچا داعی کہلانے کا لائق ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے امیر نامور صحافی ظہور احمد نیازی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اپنے اعمال میں اخلاص اور کردار میں للہیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ روزِ قیامت خدا کی بارگاہ میں پہنچنے سے پہلے ہمارے اعمال کہیں رد نہ کر دئیے جائیں۔ ہمیں فخر و تکبر، حسد و ریا، غیبت، نفسانی خواہشات اور ذاتی نمود و نمائش سے چھٹکارا حاصل کرکے صرف اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی کے لئے اس تحریک کا سر گرم عمل سپاہی بننا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی پوری صحافتی زندگی میں بے شمار قائدین اور مذہبی راہنماؤں کو دین اور قوم کے نام پر اپنی ذاتی جیبیں بھرتے دیکھا ہے۔ آج میں اپنے تجربے کی روشنی میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحب جیسی قیادت کسی تنظیم اور جماعت کے پاس نہیں ہے۔ تجدید و احیائے دین اور امن و روادری بین المذاہب پر جتنا کام شیخ الاسلام نے کیا ہے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ برمنگھم سے تشریف لائے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے مرکزی راہنما علامہ اشفاق عالم قادری نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے نام پر انتخابی ڈھونگ اب نہیں چلے گا کہ اس وقت محبت وطن پاکستانی بیدار ہو چکے ہیں۔ ناصر باغ لاہور اور لیاقت باغ راولپنڈی کا لاکھوں کا اجتماع عوام کی طرف سے اس گندے انتخابی نظام کو مسترد کرنے کا کھلا اعلان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال2011ء منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تاریخ کا یادگار اور بے مثال سال تھا جس میں اس کی خدمات کو دنیا بھر میں مزید پزیرائی حاصل ہوئی۔ اس گذرے سال میں میلاد کانفرنس بریڈ فورڈ، ویمبلے کانفرنس اور اس کا لندن اعلامیہ مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ یہ عظیم تاریخی اجتماع تھا جس نے عملی طور پر ثابت کر دیا کہ دنیا بھر کے مسلمان امن و سلامتی کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحب کے فکر و فلسفے کی پرزور تائید اور حمایت کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا بہر صورت خاتمہ چاہتے ہیں۔

ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ علامہ حافظ عبد السعید نے کہا کہ جب بھی 9/11 اور فتنہ دہشت گردی کا دنیا میں ذکر آئے گا تو ساتھ 24 ستمبر 2011 ء کا ویمبلے امن اجتماع بھی یاد رکھا جائے گا۔ یہ امن کانفرنس، دہشت گردی و فتنۂ خوارج کے خلاف امت مسلمہ کا اعلانِ مذمت تھا جس کی باز گشت حق کی آواز بن کر ہمیشہ انسانیت کے کانوں میں امن اور محبت کا رس گھولتی رہے گی۔ یہ لندن اعلامیہ اقوامِ عالم کی تاریخ میں مسلم حکمرانوں اور خود UNO کیلئے بھی ایک ورکنگ گائیڈ لائن بن چکا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے جنرل سیکرٹری محمد طاہر( جن کی پر خلوص کاوشوں کی ہر ممبر نے تعریف کی )نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحب نے اپنی انتھک محنت اور شبانہ روز کاوشوں سے یہ ثابت کیا ہے کہ ایک جدید، امن پسند اور اعتدال پسند پاکستان کے حصول کے لئے قوم غفلت کی نیند سے بیدار ہو کر ان کے فکر و فلسفے کی روشنی میں آگے بڑھے تو خوشحال پاکستان کا حصول اب بھی ممکن ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنڈی سے مرکزی راہنما ڈاکٹر محمد رفیق حبیب الازھری نے کہا کہ موجودہ نظامِ انتخاب تجارت بن چکا ہے جس کا مقصد و مدعا یہ ہے کہ جو پیسہ لگائے بس وہی آگے آئے۔ تعلیم یافتہ، باکردار اور باصلاحیت افراد اس نظام کے تحت کبھی آگے نہیں آ سکیں گے۔ پاکستانی قوم کو پہلی دوسری اور تیسری طاقت میں تقسیم کرنے والے قوم کے دشمن ہیں۔ اس قوم کا اصل مسئلہ فرسودہ انتخابی نظام ہے جس کو سمندر برد کئے بغیر کوئی دوسرا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی کو نعرے کے طور پر استعمال کرنے والوں اور موقع پرستوں سے عوام ہوشیار رہیں۔ نئے لباس میں ان کا تبدیلی کا نعرہ مکر و فریب کے سوا کچھ نہیں ہے۔

اس سالانہ جنرل کونسل کے اجلاس میں لندن، برمنگھم، گلاسگو، مانچسٹر، نیلسن، برنلے، ہیلی فیکس، والسال، شیفیلڈ، آشٹن، اولڈہم، ڈربی، ڈنڈی، نارتھمپٹن، بریڈفورڈ اور دیگر علاقوں سے سینکڑوں کارکنان اور عہدیداران نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والے تحریکی، تبلیغی اور دعوتی کاموں کے ساتھ ساتھ حلقۂ درود کی رپورٹ بھی پیش کی۔ علامہ محمد افضل سعیدی نے تمام کارکنوں کو دن رات محنت کرنے اور تحریکی منصوبہ جات کو بحسن و خوبی مکمل کرنے پر دلی مبارک باد دی۔ انہوں نے تمام سکالرز کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی ذاتی کاوشوں سے آج منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ عظیم انقلابی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے تمام ورکنگ کمیٹی، منہاج القرآن ویمن لیگ، سسٹرز لیگ اور یوتھ لیگ کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عظیم سکالر علامہ محمد رمضان قادری کو آسٹریلیا میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قائد کی توقعات پر پورا اُترتے ہوئے دنیا کے اُس دوسرے کونے میں اسلام کے عالمگیر پیغام کی ترویج کا فریضہ سر انجام دیں گے۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ علامہ شیخ سہیل احمد صدیقی کو شیخ الاسلام کے ساتھ علمی و تحقیقی کام میں معاونت کیلئے خود کو پیش کرنے پر بھی مبارک باد دی۔ آخر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنڈی کے راہنما ڈاکٹر محمد رفیق حبیب کو ابرڈین سکاٹ لینڈ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر تمام کارکنان اور وابستگان کی طرف سے مبارک باد پیش کی گئی ۔

رپورٹ: شاہد جنجوعہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top