شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ملک و قوم کو لاحق کینسر کی تشخیص کر دی ہے: جی ایم ملک

نوجوان جان لیں کہ موجودہ انتخابی نظام ان کی امنگوں اور آرزؤں کا قاتل ہے
عوام موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرے
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک کی مرکزی سیکرٹریٹ میں وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان کی دشمن سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ موجودہ ظالمانہ انتخابی نظام ہے جس نے ملک کے کروڑوں غریب عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے اگر اس ملک کو خوشحالی کی راہ پر چلانا ہے تو قوم موجودہ انتخابی نظام کے خلاف متحد ہوجائے۔ حقیقی تبدیلی کیلئے موجودہ انتخابی نظام کے خلاف عملی جدو جہد کرنا ہو گی۔ موجودہ عوام دشمن استحصالی نظام انتخاب کے تحت 100 الیکشن بھی ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں لا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے اسلام آباد/ راولپنڈی سے آئے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بابر علی چوہدری اور طیب ضیاء بھی موجود تھے۔

جی ایم ملک نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور معمار ہیں۔ تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو غلط سمت دے دی گئی تو وہ مایوسی کا شکار ہو جائیں گے۔ نوجوان جان لیں کہ موجودہ انتخابی نظام ان کی امنگوں اور آرزؤں کا قاتل ہے اس سے پہلے کہ وہ ان کی کاوشوں کو ہضم کر جائے نوجوان مل کر اس نظام کو ذبح کر دیں۔

انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ملک و قوم کو لاحق کینسر کی تشخیص کر دی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی حیثیت ایک ایسے ماہر سرجن کی سی ہے جو ملک و قوم کو اس مرض سے نجات دلانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اس لئے قوم ان کی آواز سن کر موجودہ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کا آغاز کر دے یقیناً یہ جدوجہد ملک کو باوقار مقام دلانے کی منزل تک لے جائے گی۔ موجودہ نظام کے تحت منتخب ہونے والوں نے اس قوم کو خودکشیاں، بے روزگاری اور ملک و قوم کے وقار کی بربادی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ جو قومیں معاشی استحکام کیلئے اقدامات نہیں کرتیں وہ دنیا میں لیڈنگ رول پلے نہیں کر سکتیں اس لئے انتہائی ضروری ہے کہ عوام اپنی ذمہ داریوں کو پہچانتے ہوئے موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top