منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج القرآن یوتھ لیگ گارج لے گونس ( فرانس ) کے زیر اہتمام شب التجاء کی محفل
یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ دنیا کے ساتوں براعظم اور بالخصوص ایشیا و یورپ میں دین اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے اور نوجوانوں کا ٹوٹا ہو اتعلق تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جوڑنے کے لئے جتنی کاوشیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے کی ہیں اتنی کسی اور نے نہیں کیں۔ آپ نے دیار غیر میں بسنے والے مسلمانوں کی اخلاقی اور روحانی تربیت کے لئے بالخصوص یوکے اور یورپ میں 100 سے زائد اسلامک سنٹر بنائے ہیں، ان اسلامک سنٹرز میں عوام الناس اور بالخصوص نوجوانوں کے لئے مختلف کلاسز اور مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس(فرانس ) اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام نیو ایئر نائٹ مورخہ 31 دسمبر 2011 کے موقع پر پہلی سالانہ شب التجاء کی محفل کا انعقاد کیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اس نئے سال کا آغاز جہاں غیر مسلم گناہوں سے کرتے ہیں وہاں ہم اس سال کا آغاز اللہ رب العزت اور اس کے محبوب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر سے کریں گے۔ شب التجاء میں مقامی نعت خوانوں کے علاوہ یوکے اور یورپ کے مشہور نعت خواں اور نوجوانوں کے پسندیدہ نعت خواں میلاد رضا قادری، پروفیسر عبدالرؤف روفی کے شاگرد قدیر احمد خان، راجہ محمد رضوان نے خصوصی شرکت کی۔ علامہ حافظ اقبال اعظم ( ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن )، علامہ عبدالرازق قادری کے علاوہ منہاج القرآن فرانس کی ایگزیکٹو، شوریٰ، پاکستان عوامی تحریک فرانس، منہاج القرآن کلیشی صوبہ، منہاج القرآن گونسہ ویل کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور تینوں ہال عوام الناس سے مکمل بھر گئے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ہالوں کے باہر بڑی بڑی ٹی وی سکرین کے ذریعے محفل میں شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نورالامین (امام ادارہ منہاج القرآن گارج لے گونس) نے حاصل کی۔ منظور حسین قادری، حاجی حنیف مغل، حاجی ریاض حسین، عبداللہ بشیر نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ علامہ عبدالرازق نے استقبالیہ کلمات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دینی اور قومی خدمات کے حوالہ سے گفتگو کی۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے نوید گل تاسب نے سیر ت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے تقریر کی۔ ندیم مشتاق نے تقریر کرتے ہوئے 2012ء میں منہاج یوتھ لیگ گارج لے گونس کے نوجوانوں کے لئے پلان کئے گئے پراجیکٹس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یوکے اور یورپ کے مشہور ومعروف نعت خواں میلاد رضا قادری نے حاضرین کی فرمائش پر نعتیں پیش کیں۔اختتام پر قدیر احمد خا ن نے نہایت خوبصورت ا نداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔شب التجاء میں نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی علامہ حافظ محمد اقبال اعظم الازہری نے انتہائی رقت آمیز انداز میں دعا کرائی جس میں سابقہ زندگی میں غلطیوں کی معافی اور نئے سال کو آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی میں گذارنے کا اعادہ کیا۔ محفل کے اختتام پر جملہ شرکاء محفل کو لنگر پیش کیا گیا۔
رپورٹ:ناظم نشرواشاعت فرانس
تبصرہ